پچیس رکنی وفاقی کابینہ نے حلف اٹھا لیا

پاکستان کے نو منتخب وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی 25 رکنی وفاقی کابینہ نے جمعہ کو اسلام آباد میں حلف اٹھا لیا ہے۔

ایوان صدر میں منعقدہ تقریب میں صدرِ پاکستان آصف زرداری نے 16 وفاقی وزراء اور 9 وزرائے مملکت سے حلف لیا۔

حلف برداری کی تقریب میں وزیراعظم میاں محمد نواز شریف، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، ارکان پارلیمنٹ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، مسلح افواج کے سربراہان، سیاستدان، سفارت کار اور اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

حلف اٹھانے والے وفاقی وزراء میں سینیٹر اسحاق ڈار، چوہدری نثار علی خان، سینیٹر پرویز رشید، زاہد حامد، لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عبدالقادر بلوچ، کامران مائیکل، خواجہ آصف، رانا تنویر، برجیس طاہر، سعد رفیق، سردار یوسف، احسن اقبال، سکندر بوسن، شاہد خاقان عباسی، مرتضیٰ جتوئی اور صدر الدین راشدی شامل ہیں۔

ان وزراء میں سے اسحاق ڈار کو خزانہ، ریونیو، اقتصادی امور اور نجکاری کی وزارتیں دی گئی ہیں جبکہ چوہدری نثار امورِ داخلہ اور انسدادِ منشیات، پرویز رشید اطلاعات و نشریات، شاہد خاقان عباسی وزیرِ پیٹرولیم و قدرتی وسائل، خواجہ آصف پانی و بجلی، سعد رفیق ریلوے، زاہد حامد قانون و انصاف اور حقوقِ انسانی، احسن اقبال منصوبہ بندی و ترقیات اور عبدالقادر بلوچ ریاستی و سرحدی امور کے وزیر ہوں گے۔

ان کے علاوہ رانا تنویر کو دفاعی پیداوار، کامران مائیکل کو جہاز رانی و بندرگاہیں، سکندر بوسن کو قومی فوڈ سکیورٹی، صدر الدین راشدی کو سمندر پار پاکستانی، سردار یوسف کو مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی، مرتضیٰ جتوئی کو صنعت و پیداوار اور برجیس طاہر کو امورِ کشمیر کا وزیر بنایا گیا ہے۔

حلف اٹھانے والے وزرائے مملکت میں سے بلیغ الرحمان تعلیم، خرم دستگیر خان سائنس اور ٹیکنالوجی، عثمان ابراہیم ہاؤسنگ، جام کمال پیٹرولیم و قدرتی وسائل، شیخ آفتاب پارلیمانی امور، عبدالحکیم بلوچ ریلوے، پیر امین الحسنات مذہبی امور، سائرہ افضل تارڑ قومی صحت اور رابطہ کاری اور انوشہ رحمان انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کام کی وزیرِ مملکت ہوں گی۔

ان وزراء کے علاوہ سرتاج عزیز قومی سلامتی اور خارجہ امور جبکہ کیپٹن (ر) شجاعت عظیم ہوا بازی کے معاملات میں وزیراعظم کے خصوصی مشیر اور طارق فاطمی اور سردار ثناء اللہ زہری خصوصی معاون ہوں گے۔

جن وزراء نے جمعہ کو حلف اٹھایا ہے ان میں سے 23 کا تعلق مسلم لیگ نواز سے ہے جبکہ صدر الدین راشدی مسلم لیگ فنکشنل اور مرتضیٰ جتوئی نیشنل پیپلز پارٹی سے تعلق رکھتے ہیں۔

وفاقی کابینہ میں شامل وزراء اور وزرائے مملکت میں سے انیس کا تعلق پنجاب، تین کا تعلق سندھ، دو کا بلوچستان سے ہے جبکہ خیبر پختونخوا سے ایک وزیر لیا گیا ہے۔

اسی بارے میں