لاہور: وزیراعظم کی زیرِ صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس

وزیر اعظم میاں نواز شریف نے اپنی رہائش گاہ شریف فارم ہاؤس میں کراچی کی صورت حال اور ملک کو درپیش دہشت گردی کے مسئلہ پر ایک اہم اجلاس کی صدارت کی۔

اس اجلاس میں وزرائے داخلہ، خزانہ سائنس و ٹیکنالوجی کے علاوہ سول اور ملٹری حکام نے شرکت کی جن میں چیف آف آرمی سٹاف اور ڈی جی آئی ایس آئی اور رینجرز بھی شامل تھے۔

اجلاس میں ڈی جی رینجرز نے بتایا کہ کراچی میں بھتہ خوری ،اغوا ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے مزید کیا اقدامات کیے جاسکتے ہیں۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ موبائل فون کمپنیوں سے بات کرکے غیر رجسٹرڈ اور غیرقانونی موبائل کنکشنوں کو بند کرنے کی حکمت عملی کو حتمی شکل دی جائے۔

اس کے علاوہ حکام نے وزیر اعظم کو آل پارٹیز کانفرنس کے ایجنڈے پر بھی بریفنگ دی۔

شدت پسندی کے خلاف مشترکہ حکمت عملی طے کرنے کے لیے یہ آل پارٹیز کانفرنس پرسوں یعنی پیر کو ہو رہی ہے۔