لورالائی سے اغوا ہوئے تین ڈاکٹر بنوں میں رہا

پاکستان کے صوبہ بلوچستان سےاغوا ہونے والے تین ڈاکٹروں کو خیبر پختونخوا کے علاقے بنوں میں رہا کردیا گیا ہے۔

ان کی رہائی کی تصدیق ڈاکٹروں کے اہلخانہ نے کی ہے۔

یاد رہے کہ بلوچستان کے ضلع لورالائی سے بارہ جون کو تین ڈاکٹروں سمیت محکمۂ صحت کے پانچ اہلکاروں کو اغوا کر لیا گیا تھا۔

اغوا ہونے والے ڈاکٹروں میں ایم ایس سول ہسپتال لورالائی ڈاکٹر محمد انور، ڈاکٹر ایاز، ڈاکٹر نصراللہ کے علاوہ ایک کلرک اور ایک ڈرائیور شامل تھے۔

یہ اہلکار ایک ایمبولینس میں ژوب کے لیے روانہ ہوئے تھے کہ قلعہ سیف اللہ اور ژوب کے درمیان رات گئے ان کو اغوا کر لیا گیا تھا۔

محکمہ صحت کے دو اہلکاروں کو پچھلے ماہ رہا کردیا گیا تھا۔

اغوا کے اس واقعے کے باعث بلوچستان کے ڈاکٹروں میں تشویش پیدا ہو گئی تھی۔

پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن بلوچستان کے ترجمان ڈاکٹر شہزاد نکے مطابق ’بلوچستان کے مختلف علاقوں سے بتیس ڈاکٹروں کو تاوان کے لیے اغوا کیا گیا ہے‘۔