بگٹی قتل کیس:مشرف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد

Image caption عدالتی احکامات کے باوجود ماضی میں بھی پرویز مشرف کو اس مقدمے میں پیش نہیں کیا گیا تھا

کوئٹہ میں انسدادِ دہشتگردی کی عدالت نے اکبر بگٹی قتل کیس میں پاکستان کے سابق صدر پرویز مشرف کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کر دی۔

اس مقدمے میں پاکستان کی سپریم کورٹ نے سابق فوجی صدر کی ضمانت منظور کی ہوئی ہے جبکہ بلوچستان ہائی کورٹ سلامتی کے خدشات کی بنیاد پر اس کیس کی سماعت اسلام آباد منتقل کرنے کی درخواست مسترد کر چکی ہے۔

نامہ نگار کے مطابق انسدادِ دہشتگردی عدالت ون میں مقدمے کی سماعت کے دوران پرویز مشرف کی جانب سے عدالت میں حاضری سے مستثنیٰ قرار دینے کی درخواست پیش کی گئی جسے عدالت نے رد کرتے ہوئے انہیں آئندہ پیشی پر حاضر ہونے کا حکم دیا۔

پرویز مشرف کے وکیل الیاس صدیقی نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ آئندہ سماعت سے قبل اس معاملے کو ہائی کورٹ میں چیلینج کریں گے۔

ماضی میں جب پرویز مشرف اپنے فارم ہاؤس پر نظر بند تھے تو اس دوران عدالت نے متعدد بار انہیں کوئٹہ لا کر پیش کرنے کا حکم دیا لیکن پولیس کی جانب سے انہیں پیش نہیں کیا گیا۔

اب جبکہ سابق صدر کو ان کے خلاف درج چاروں مقدمات میں ضمانت مل چکی ہے تو خود ان کی جانب سے عدالت میں حاضر ہونے کی شرط نہ رکھنے کی درخواست دی گئی تھی۔

خیال رہے کہ پرویز مشرف کی جانب سے بینظیر بھٹو قتل کیس میں بھی عدالت میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کی گئی تھی جو عدالت نے منظور کر لی تھی اور اب وہ فیصلہ سنائے جانے کے وقت ہی عدالت میں پیش ہوں گے۔

منگل کو بگٹی قتل کیس کی سماعت کے دوران سابق وزیرِ داخلہ آفتاب شیرپاؤ عدالت میں پیش ہوئے جبکہ جج نے مقدمے کے تین دیگر ملزمان سابق وزیرِاعظم شوکت عزیز، سابق گورنر بلوچستان اویس احمد غنی اور سابق ڈپٹی کمشنر ڈیرہ بگٹی صمد لاسی کو عدم حاضری پر مفرور قرار دے دیا اور حکام کو ان کی جائیداد کی ضبطی کے احکامات بھی دیے۔

عدالت نے مقدمے کی سماعت 24 دسمبر تک کے لیے ملتوی کر دی ہے۔

بلوچستان کے سابق وزیراعلیٰ اور بگٹی قبیلے کے سردار نواب اکبر خان بگٹی اگست 2006 میں ایک فوجی آپریشن کے دوران مارے گئے تھے۔

ان کی ہلاکت کے بعد نواب بگٹی کے صاحبزادے جمیل اکبر بگٹی کی درخواست پر بلوچستان ہائیکورٹ نے ان کے قتل کا مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا تھا جس میں پرویز مشرف کو ملزم نامزد کیا گیا تھا۔

اسی بارے میں