تندولکر کی تعریف نہ کریں: تحریکِ طالبان پاکستان

Image caption ’اگرچہ تندولکر ایک عظیم کھلاڑی ہے لیکن آپ کو اس کی تعریف نہیں کرنی چاہیے‘ شاہد اللہ شاہد

کالعدم تحریک طالبان کے ترجمان شاہد اللہ شاہد نے پاکستانی میڈیا پر زور دیا ہے کہ وہ سچن تندولکر کے بجائے قومی ٹیم کے کپتان مصباح الحق کی تعریف کریں۔

اپنے ایک ویڈیو پیغام میں شاہد اللہ شاہد نے کہا کہ اگرچہ پاکستانی کپتان مصباح الحق بہت برے کھلاڑی ہیں لیکن اس کے باوجود میڈیا کو چاہیے کہ وہ ان کی تعریف کرے۔

کالعدم تحریک طالبان کے ترجمان نے اس کے ساتھ ساتھ میڈیا پر زور دیا کہ وہ حال ہی میں ریٹائر ہونے والے بھارتی بلے باز، سچن تندولکر کی تعریف کرنا بند کریں۔

’آنکھیں کھولیں، سترہ سو رنز بناچکاہوں‘ مصباح الحق

سچن تندولکر کا بین الاقوامی کرکٹ کو الوداع

شاہد اللہ شاہد نے سچن تندولکر کی پاکستانی میڈیا میں تعریف کا موازنہ تحریک کے سربراہ حکیم اللہ محسود کی ڈرون حملےمیں ہلاکت کی کوریج پر تنقید کے دوران ایک مثال کے طور کیا۔

حکیم اللہ محسود کے بعد ملا فضل اللہ نے تحریک کی کمان سنھبالی ہے۔ شدت پسندوں پر حکومت سے امن مذاکرت کرنے کے لیے دباؤ بھی ہے۔

طالبان کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو میں ،اے۔کے 47 رائفل اٹھائے نقاب پوش محافظوں کے ہمراہ شاہد اللہ شاہد کے الفاظ کچھ یوں تھے۔ ’ایک بھارتی کھلاڑی جس کا نام تندولکر ہے، اس کی پاکستانی میڈیا نے بہت تعریف کی اور درحقیقت بہت سے پاکستانیوں نے بھی اسے سراہا اور اسی وقت مصباح الحق سے ناراضگی کا اظہار کیا گیا۔اگرچہ تندولکر ایک عظیم کھلاڑی ہے لیکن آپ کو اس کی تعریف نہیں کرنی چاہیے،کیونکہ یہ قومی مفادات کے منافی ہے۔‘

’باوجود اس حقیقت کے کہ مصباح ایک بہت برا کھلاڑی ہے آپ کو اس کی تعریف کرنی چاہیے کیونکہ آخر کو ہے تو وہ پاکستانی۔‘

شاہد اللہ شاہد نے جماعتِ اسلامی کے رہنما منور حسن کے اس بیان کا بھی دفاع کیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ حکیم اللہ محسود ایک شہید ہیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ ’امریکہ کی جنگ لڑنے والے فوجیوں، جمہوریت، سیکیولرئزم اور برطانوی قوانین کی تعریف کرنے والے ویسے ہی ہیں جیسے وہ جو مصباح کی جگہ تندولکر کی تعریف کرتے ہیں۔‘

جنوبی ایشیا کے اخبارات اور ٹی وی چینلز پر 16 نومبر کو ریٹائر ہونے والے دنیا کے مایہ ناز کرکٹر،تندولکر کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

اگرچہ کھیل کی دنیا میں پاکستان اور بھارت ’روایتی حریف‘ جانے جاتے ہیں لیکن اس کے باوجود پاکستان نے کرکٹ کو خیرباد کہنے والےبھارتی بلے باز کی تعریف کی۔ تندولکر واحد کھلاڑی ہیں جنھوں نے بین القوامی میچوں میں 100 سینچریاں بنائیں ہیں۔

جبکہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کو ان کی غیر جارحانہ بلے بازی اور کھیل میں قدامت پسند طریقوں کے باعث متواتر تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔

اسی بارے میں