کوئٹہ میں دھماکہ، وزیراعلیٰ کے مشیر زخمی

Image caption دھماکے میں دو سے تین کلو دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ اور سبی میں دو بم دھماکوں میں ایک شخص ہلاک جبکہ وزیراعلیٰ بلوچستان کے مشیرسمیت سات افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

کوئٹہ پولیس کے مطابق نامعلوم افراد نے مغربی بائی پاس کے علاقے خیزئی چوک کے قریب سڑک کنارے دھماکہ خیز مواد نصب کر رکھا تھا۔

یہ دھماکہ خیز مواد اس وقت پھٹا جب وہاں سے وزیراعلیٰ بلوچستان کے مشیر اور مسلم لیگ(ن) کے رہنما عبدالماجد ابڑو کی گاڑی گزر رہی تھی۔

دھماکے کے نتیجے میں عبدالماجد ابڑو اور ان کے دو محافظ زخمی ہوگئے۔ دونوں محافظوں کو علاج کے لیے سی ایم ایچ منتقل کر دیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق اس دھماکے کے لیے دو سے تین کلو دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا تھا۔

دوسرا دھماکہ سبی کے علاقے بختیار آباد میں ہوا۔

بختیار آباد میں انتظامیہ کے ایک اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ نامعلوم افراد نے ایک موٹرسائیکل میں دھماکہ خیز مواد نصب کرکے اسے شہر میں ٹیکسی سٹینڈ پر کھڑا کیا تھا۔

اس دھماکے میں ایک شخص ہلاک جبکہ چار زخمی ہوگئے جنھیں علاج کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا

اسی بارے میں