’کس قسم کا تحفظ مانگیں اور کس سے مانگیں؟‘

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters

راولپنڈی کے آر اے بازار میں خودکش دھماکے کے نتیجے میں حملہ آور سمیت تیرہ افراد ہلاک اور 28 افراد زخمی ہیں۔ اس دھماکے میں زخمی ہونے والوں نے بی بی سی سے بات کی۔

عمر خالد، ڈرائیور

میں صبح کے وقت کام کے لیے نکلا اور جب میں اس مقام پر پہنچا تو دھماکہ ہوا۔ اس کے بعد مجھے کچھ نہیں پتا چلا۔ جب ہوش آئی ہے تو میں ہسپتال میں تھا اور مجھے ٹانگ پر چوٹ آئی ہے۔

میرے سارے گھر والے دھماکے کے فوراً بعد ہی اس جگہ پہنچ گئے تھے اور اب وہ ہسپتال میں بھی میرے ساتھ ہیں۔ بس کیا کریں؟ کس قسم کا تحفظ مانگیں؟ کس سے مانگیں؟

اس سے پہلے بھی 2008 اور 2009 کے دھماکے جو آر اے بازار میں ہوئے تھے اس وقت بھی میں چند سیکنڈز سے بچا ہوں۔ ان دھماکوں میں میں اپنی گلی سے باہر نکل رہا تھا کہ دھماکہ ہوا۔ لیکن اس بار میں گلی سے باہر نکل چکا تھا جب دھماکہ ہوا اور اسی لیے زخمی ہوا ہوں۔ بس اس بار رینج میں آ گیا۔ پروردگار کی ذات بچانے والی ہے اسی نے بچایا ہے۔

عبداللہ نواز، طالبِ علم

جس جگہ یہ دھماکہ ہوا ہے اس کے قریب ہی میرا مکان ہے اور میرے تایا کا جنرل سٹور بھی ہے۔ دھماکے کی آواز سن کر میری آنکھ کھلی اور میں پہلے جنرل سٹورگیا۔ میرے تایا خیر خیریت سے تھے تو میں اس جگہ پہنچا جہاں دھماکہ ہوا۔ جگہ جگہ زخمی افراد تھے اور لاشیں پڑی ہوئی تھیں۔ میں نے دیگر افراد کے ساتھ مل کر زخمیوں کو اور لاشوں کو ایمبولینسز میں ڈالا۔

ایک دو سکول کے بچوں کی لاشیں بھی تھیں۔جہاں دھماکہ ہوا ہے وہاں قریب ہی ایک ہوٹل بھی ہے جہاں باہر پراٹھے بنائے جاتے ہیں۔ پراٹھے بنانے والا شحض بھی اس دھماکے میں ہلاک ہوا ہے۔

حسن رضا، طالب علم

جس جگہ دھماکہ ہوا ہے میں اس کے قریب ہی رہتا ہوں۔ میں، میرا بھائی اور دو دوست اسی جگہ پر ملتے ہیں اور اکٹھے کالج جاتے ہیں۔ آج جب دھماکہ ہوا ہے تو اس وقت ہم تھوڑے فاصلے پر تھے۔ دھماکے میں میرا دوست ہلاک ہو گیا جبکہ میں اور میرا بھائی زخمی ہوئے ہیں۔

میرے بھائی کو سی ایم ایچ لے جایا گیا ہے جبکہ مجھے یہاں ڈسٹرکٹ ہسپتال راولپنڈی لایا گیا ہے کیونکہ انہوں نے کہا کہ سی ایم ایچ لے جانے واے ایمبولینس بھر چکی تھی تو مجھے اس ہسپتال والی ایمبولینس میں ڈالا گیا۔

جب دھماکہ ہوا ہے تو اس وقت میں زمین پر بیٹھ گیا اور ہر طرف دھواں دھواں تھا۔ جہاں دھماکہ ہوا ہے میں اس جگہ کے زیادہ قریب تھا جبکہ میرا دوست کچھ فاصلے پر تھا۔ لیکن مجھے تھوڑی چوٹیں آئی ہیں اور وہ فوت ہوگیا ہے۔ بس اسی بارے میں سوچ رہا ہوں۔

اسی بارے میں