ملتان: قومی اسمبلی کے ڈپٹی سیکریٹری اغوا

تصویر کے کاپی رائٹ AFP

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر ملتان میں پولیس کا کہنا ہے کہ قومی اسمبلی کے ڈپٹی سیکریٹری معظم کالرو کو نامعلوم افراد نے اغوا کر لیا ہے۔

پولیس کے مطابق ہفتے کو نامعلوم افراد نے معظم کالرو کو ملتان کے نواحی علاقے نواب پور سے اغوا کیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ڈپٹی سیکریٹری کو اس وقت اغوا کیا گیا جب وہ اپنے ڈیرے جا رہے تھے۔ وہ دو دن قبل ہی اسلام آباد سے ملتان پہنچے تھے۔

پولیس نے انگریزی اخبار ڈان کو بتایا کہ ڈپٹی سیکریٹری سندیلیاں کے علاقے سے جا رہے تھے کہ تھانہ الپا کی حدود سے موٹر سائیکل اور گاڑی پر سوار چار مسلح افرا نے انہیں اغوا کر لیا۔

واضح رہے کہ انھیں قومی اسمبلی کے اسی حلقے (این اے 151 ) سے اغوا کیا گیا ہے جہاں اس سے قبل سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی کو اغوا کیا گیا تھا۔

حال ہی میں وزیراعظم نواز شریف نے کہا تھا کہ وہ سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے بیٹے شہباز تاثیر اور علی حیدرگیلانی کے بارے میں تشویش کا شکار ہیں۔

ان دونوں کو اغوا ہوئے طویل عرصہ گزر چکا ہے۔

اسی بارے میں