وارنٹ کی تعمیل، مشرف نے وارنٹ گرفتاری وصول کیے

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption پرویز مشرف اس وقت اے ایف آئی سی میں زیرِ علاج ہیں

وفاقی پولیس نے سابق صدر پرویز مشرف کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کرا دی ہے اور پرویز مشرف نے اپنے وکیل کی موجودگی میں وارنٹ گرفتاری خود وصول کیا۔

خصوصی عدالت کے حکم کی تعمیل کے لیے آئی جی اسلام آباد کی ہدایت پر ایس پی کیپٹین الیاس دیگر پانچ اہلکاروں کے ہمراہ راولپنڈی پہنچے جہاں سے وہ آرمڈ فورسز انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے متعلقہ تھانے آر اے بازار کی پولیس کے ہمراہ ہسپتال گئے۔

انہوں نے پرویز مشرف کے وکلا کی موجودگی میں وارنٹ ان کے حوالے کیے۔

اس سے قبل اسلام آباد پولیس کے سربراہ کا کہنا تھا کہ غداری کے مقدمے کی سماعت کرنے والی خصوصی عدالت کی جانب سے سابق فوجی صدر پرویز مشرف کے قابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری کے اجرا کے بعد عدالتی حکم کی تعمیل کے لیے پیر کو کارروائی کی جائے گی۔

واضح رہے کہ نو جنوری کو غداری کے مقدمے میں پیشی کے لیے سفر کے دوران علیل ہونے والے پاکستان کے سابق فوجی حکمران اس وقت راولپنڈی میں فوج کے ادارہ برائے امراض قلب ’آرمڈ فورسز انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی‘ میں زیرِ علاج ہیں۔

اسلام آباد پولیس کے سربراہ کا کہنا تھا کہ اگرچہ یہ ذمہ داری کیپٹن الیاس کو سونپی گئی ہے تاہم کوئی بھی ذمہ دار افسر عدالتی حکم کی تعمیل کروانے کے لیے ہسپتال جا سکتا ہے۔

ان کے مطابق وہی افسر ذمہ دار ہو گا کہ ضمانتی مچلکے فراہم کیے جانے پر ان کی تصدیق کرے اور تصدیق کے بعد وہ پرویز مشرف کو پابند کر سکتا ہے کہ وہ آئندہ سماعت پر عدالت میں پیش ہوں۔

سکندر حیات کا یہ بھی کہنا تھا کہ اگر اس سلسلے میں تعاون نہیں کیا جاتا تو وہ عدالت کو مطلع کریں گے جس کے بعد عدالت ناقابلِ ضمانت وارنٹ بھی جاری کر سکتی ہے۔

خیال رہے کہ جسٹس فیصل عرب کی سربراہی میں خصوصی عدالت نے گذشتہ ہفتے ان کی جانب سے بیرونِ ملک علاج کروانے کی درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے اُن کے قابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔

عدالت نے ملزم پرویز مشرف کو سات فروری کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم بھی دیا تھا اور ان کی ضمانت کے لیے 25 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کروانے کو کہا تھا۔

پرویز مشرف کی میڈیکل رپورٹ کے بارے میں اپنا فیصلہ سناتے ہوئے عدالت نے کہا تھا کہ اس رپورٹ میں ایسی کوئی بات نہیں کہی گئی کہ مشرف عدالت میں پیش نہیں ہو سکتے۔

اسی بارے میں