خانیوال:خودکش دھماکے میں دو پولیس اہلکار ہلاک

تصویر کے کاپی رائٹ
Image caption ناکہ خفیہ اداروں کے کہنے پر لگایا گیا تھا(فائل فوٹو)

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے ضلع خانیوال میں ایک خودکش دھماکے میں دو پولیس اہلکار ہلاک اور ایک فوجی سمیت متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔

لاہور سے بی بی سی کے نامہ نگار علی سلمان نے اطلاع دی ہے کہ یہ دھماکہ جمعے کی شام خانیوال کے چھمب کلاں کے علاقے میں ہوا۔

تھانہ چھمب کلاں کے ایس ایچ او زاہد گجر نے بی بی سی اردو کو بتایا کہ ناکے پر روکے جانے پر حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

مقامی پولیس کے مطابق سکیورٹی اداروں کے اہلکار وہاڑی سے ایک مشتبہ گاڑی کا تعاقب کر رہے تھے جس میں خودکش حملہ آور سوار تھا اور انھی اہلکاروں کے کہنے پر خانیوال شہر سے 40 کلومیٹر کے فاصلے پر یہ ناکہ لگایا گیا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جب اس ناکے پر گاڑی کو روکا گیا تو خودکش حملہ آور نے اس سے اتر کر دھماکہ کر دیا۔

زاہد گجر کے مطابق دھماکے میں ایلیٹ فورس کے دو اہلکار ہلاک اور ایک فوجی سمیت پانچ سکیورٹی اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ خودکش دھماکے کے بعد گاڑی میں سوار حملہ آور کے ساتھی پیدل فرار ہونے میں کامیاب رہے جبکہ پولیس نے گاڑی قبضے میں لے لی ہے۔

اسی بارے میں