’دہشت گردی کے خلاف مسلح افواج مستعد‘

Image caption پاکستان کی مسلح افواج کی جوائنٹ اسٹاف کا اجلاس تین ماہ بعد ہوتا ہے

پاکستان کی مسلح افواج نے سیاسی حکومت کی طرف سے متعین کردہ دائرہ کار میں رہتے ہوئے ملک میں جاری دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

دہشت گردی کے خلاف لڑنے کے عزم کا اعادہ پاکستان کی مسلح افواج کی جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا۔

فوج کے دفتر تعلقات عامہ کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا کہ اجلاس میں ملک کی سلامتی اور خطے کی صورت حال پر بھی غور کیا گیا۔

جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کے سربراہ جنرل راشد محمود نے اجلاس کی صدارت کی۔ یہ اجلاس جوائنٹ سٹاف ہیڈ کواٹر میں منعقد ہوا۔

اس اجلاس میں چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل محمد آصف صندیلہ، چیف آف ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ ، سکریٹری دفاع، سکریٹری دفاعی پیداوار اور تینوں مسلح افواج سے تعلق رکھنے والے سینیئر فوجی افسران نے شرکت کی۔

پاکستان کی تینوں مسلح افواج پر مشتمل جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی کا اجلاس ہر سہ ماہی میں منعقد ہوتا ہے جس میں مسلح افواج کی پیشہ وارانہ صلاحیت اور ان کی دفاعی تیاریوں پر غور کیا جاتا ہے۔