مشرف کی والدہ علیل، ہسپتال داخل کرا دیا گیا

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption جنرل مشرف کی والدہ گمشتہ کافی عرصے سے علیل ہیں

جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کی سیاسی جماعت آل پاکستان مسلم لیگ کی ترجمان آسیہ اسحاق کے مطابق ان کی والدہ کی طبیعت ناساز ہونے کی وجہ سے انہیں ہسپتال داخل کر دیا گیا ہے۔

جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کی والدہ زریں مشرف کی عمر 95 سال ہے اور وہ گزشتہ کچھ عرصے سے علیل ہیں۔

دوسری جانب سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کو پیر کے دن غداری کے مقدمے کی سماعت کے لیے قائم خصوصی عدالت نے طلب کر رکھا ہے۔

خصوصی عدالت نے ملزم پرویز مشرف کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہوئے ہیں اور اُنہیں 31 مارچ کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا ہوا ہے۔

اے پی ایم ایل کی ترجمان آسیہ اسحاق نے بی بی سی کی صبا اعتزاز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ مشرف کی والدہ کی طبیعت ناساز ہونے کی وجہ سے انہیں شارجہ کے ایک ہسپتال میں داخل کروا دیا گیا ہے۔

جنرل مشرف کے خلاف غداری کے مقدمے کی سماعت جسٹس فیصل عرب کی سربراہی میں تین رکنی بینچ کر رہا ہے۔

اس مقدمے میں اب تک پرویز مشرف پر فردِ جرم عائد نہیں ہو سکی ہے کیونکہ وہ عدالت میں پیش ہونے سے متعدد بار گریز کر چکے ہیں جس کی وجہ ان کے وکلا سکیورٹی خدشات بتاتے ہیں۔

جمعرات کی سماعت کے دوران پرویز مشرف کے وکیل انور منصور نے کہا کہ چودہ مارچ کو جو عدالتی حکم آیا تھا اُس میں عدالت نے ان کا ایک بیان منسلک کیا تھا کہ ملزم کے وکیل (انور منصور) نے کہا ہے کہ پرویز مشرف جان بوجھ کر عدالت میں پیش نہیں ہونا چاہتے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption جنرل مشرف کو دل میں تکلیف کی وجہ سے فوج کے ادارہ برائے امراضِ دل میں داخل کروایا گیا ہے

دوسری جانب مشرف کے وکیل انور منصور نے سابقہ سماعت کے دوران کہا تھا کہ سیکیورٹی خدشات کی بنا پر وہ اپنے موکل کو عدالت میں پیش ہونے پر مجبور نہیں کرسکتے کیونکہ عدالت نے بھی امن و امان کے موجودہ حالات اور ملزم کی سکیورٹی کے بارے میں خدشات کا اظہار کیا تھا۔

ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ مشرف پیر کو عدالت میں پیش ہوں گے یا نہیں کیونکہ پرویز مشرف کے وکلا عدالت میں کہہ چکے ہیں کہ وفاقی وزارتِ داخلہ کی طرف سے جاری ایک سکیورٹی الرٹ میں کہا گیا تھا کہ پرویز مشرف کو کالعدم تحریکِ طالبان پاکستان اور دیگر شدت پسند تنظیموں کی طرف سے خطرہ ہے اور انھیں اے ایف آئی سی سے خصوصی عدالت جاتے ہوئے نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔

اسی بارے میں