تحریک طالبان کی ویب سائٹ لانچ

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption تحریک طالبان کا اپنا ٹوئٹر ہینڈل بھی ہے

کالعدم شدت پسند تنظیم تحریک طالبان پاکستان نے اپنی مرکزی ویب سائٹ لانچ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

تنظیم کی طرف سے بی بی سی کو بھیجے گئے ایک پیغام میں کہا گیا ہے کہ تحریک طالبان پاکستان کی جانب سے نشر ہونے والی تمام تازہ ترین ویڈیوز، رسائل، بیانات، اعلانات، مرکزی ترجمان کی سٹیٹمنٹس اور نظمیں اب اس ویب سائٹ پر مل سکیں گی۔

پیغام میں مزید کہا گیا کہ تحریک طالبان پاکستان کی خبروں اور ویڈیوز کو نشر کرنے کا مجاز ادارہ صرف ’عمر میڈیا‘ ہے اور اس کے علاوہ کوئی اور ادارہ تحریک طالبان پاکستان کی طرف کوئی خبر اور ویڈیو منسوب کرکےنشر کرے تو اسے صحیح نہ سمجھا جائے۔

تنظیم کا مزید کہنا تھا کہ تحریک طالبان پاکستان کا کسی بھی معاملے میں جو بھی موقف ہوگا، یا ترجمان نے کسی واقعے کی ذمہ داری قبول کرنی ہو گی یا تردید کرنی ہو گی وہ اس ویب سائٹ سے یا مرکزی ترجمان کے اپنے ای میل ایڈرس سے شائع ہو گی۔۔

تنظیم نے کہا کہ آج کے بعد کوئی بھی تحریک طالبان پاکستان کی طرف کچھ منسوب کرکے نشر کرے تو اسے اس وقت تک درست اور صحیح نہ سمجھاجائے، جب تک کہ اس کی تصدیق خود تحریک طالبان پاکستان کی یہ مرکزی ویب سائٹ یا مرکزی ادارہ برائے نشر واشاعت ’عمر میڈیا٬ جہادی میڈیا پر عالمی اسلامی میڈیامحاذ‘ کے ذریعے بیان جاری کرکے نہ کردے۔