کوہستان:تودہ گرنے سے کم از کم پانچ ہلاک

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption مقامی لوگوں نے اپنے طور پر امدادی کارروائیاں کیں

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع اپر دیر میں مٹی کا تودہ گرنے سے کم از کم پانچ افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

مقامی پولیس کے مطابق یہ واقعہ کوہستان میں تھانہ تل کی حدود میں واقع دور افتادہ قصبے بدران میں منگل کی صبح پیش آیا۔

تھانہ تل کے محرر لطیف نے بی بی سی اردو کے انور شاہ کو بتایا کہ تودہ سلطان نامی شخص کے گھر پرگرا اور اس کے تلے 11 افراد دب گئے جن میں آٹھ بچے بھی شامل ہیں۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی لوگوں نے اپنے طور پر امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ امدادی کارروائیاں اب بھی جاری ہیں اور اب تک پانچ لاشیں نکالی جا چکی ہیں جن میں چار بچوں کی اور ایک خاتون کی ہے۔

اہلکار کے مطابق بقیہ افراد کو نکالنے کے لیے کوشش کی جا رہی ہے۔

اسی بارے میں