شمالی وزیرستان، خیبر ایجنسی میں جیٹ طیاروں کی بمباری، 30 شدت پسند ہلاک

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption ’شمالی وزیرستان اور خیبر ایجنسی میں ان علاقوں پر فضائی کارروائی کی گئی ہے جہاں سویلین آبادی نہیں ہے‘

پاکستانی فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ فضائی کارروائیوں میں قبائلی علاقوں خیبر اور شمالی وزیرستان ایجنسی میں 30 شدت پسند ہلاک ہو گئے ہیں۔

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے ہفتے کو جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ شمالی وزیرستان میں جاری فوجی آپریشن ضربِ عضب میں جیٹ طیاروں نے شدت پسندوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ شمالی وزیرستان کے علاقے حسو خیل کے علاقے میں بمباری کی گئی جس میں شدت پسندوں کے تین ٹھکانے تباہ کیے گئے اور 20 عسکریت پسند مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ جمعہ اور ہفتے کی درمیانی شب کو جیٹ طیاروں نے خیبر ایجنسی اور شمالی وزیرستان کے علاقوں پر بمباری کی۔

بیان کے مطابق خیبر ایجنسی میں افغان سرحد کے قریب جیٹ طیاروں کی بمباری میں شدت پسندوں کے دو ٹھکانے تباہ کیے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ بمباری رات دو بجے کی گئی۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ شمالی وزیرستان اور خیبر ایجنسی میں ان علاقوں پر فضائی کارروائی کی گئی ہے جہاں سویلین آبادی نہیں ہے۔

اس سے قبل پاکستانی فوج کا کہنا ہے کہ شمالی وزیرستان کے عمائدین نے فوجی آپریشن کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔

یہ بات سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل عاصم باجوہ نے کہی۔

انھوں نے ٹویٹ میں کہا مزید کہا کہ شمالی وزیرستان کے علاقے میرانشاہ، میر علی اور دتہ خیل کے عمائدین نے فوجی آپریشن کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق عمائدین نے اعادہ کیا کہ وہ دہشت گردوں کو دوبارہ شمالی وزیرستان میں آنے نہیں دیں گے۔

اس سے قبل پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف نے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں عسکریت پسندوں کے خلاف جاری آپریشن ’ضرب عضب‘ کی تازہ صورتحال جاننے کے لیے جمعہ کو صوبائی دارالحکومت پشاور کا مختصر دورہ کیا۔

اس دورے میں پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف، وزیر دفاع خواجہ آصف اور سافرون کے وفاقی وزیر عبدالقادر بلوچ بھی ان کے ہمراہ تھے۔

ادھر آئی ایس پی آر کی جانب سے جمعہ کو جاری کردہ تازہ ترین معلومات کے مطابق میران شاہ کے نواحی علاقے قطب خیل میں فوجی کارروائی میں دہشتگردوں کے تین ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا جس میں غیر ملکیوں سمیت 12 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔

اس کے علاوہ فوج کی جانب سے محاصرے میں لیے گئے علاقے سے فرار ہونے کی کوشش کرتے ہوئے 3 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ مختلف چوکیوں سے 24 افراد کو بھی گرفتار کیا گیا۔

اسی بارے میں