ملتان میں فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، دو پائلٹ ہلاک

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption عسکری ذرائع سے ہیلی کاپٹر کی قسم معلوم نہیں ہو سکی۔ فائل فوٹو

عسکری حکام کا کہنا ہے کہ بدھ کی شام ایک فوجی مشق کے دوران ملتان میں ایک فوجی ہیلی کاپٹر گرنے سے دو پائلٹ ہلاک ہوگئے ہیں۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق فوج کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ رات کے وقت کی پرواز کی تربیت حاصل کرتے ہوئے ہیلی کاپٹر میں فنی خرابی کے باعث آرمی ایوی ایشن کے دو پائلٹ ہلاک ہوگئے ہیں۔

اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے ایک سینیئر فوجی اہلکار نے بتایا کہ جیسے ہی ہیلی کاپٹر نے اپنی فضائی بیس سے پرواز شروع کی تو اس مقام پر مٹی کا ایک طوفان آ گیا جو کہ اس حادثے کے سبب کا ایک عنصر ہو سکتا ہے۔

اگرچہ فوجی بیان یا اہلکار نے ہیلی کاپٹر کی قسم کے بارے میں نہیں بتایا تاہم پاکستانی فوج کے پاس روسی اور امریکی ہیلی کاپٹر موجود ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستانی فوج نے ملک کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں عسکریت پسندوں کے خلاف ضربِ عضب نامی ایک آپریشن شروع کر رکھا ہے جس میں گن شپ ہیلی کاپٹروں کا استعمال کیا جاتا ہے۔ شمالی وزیرستان میں طالبان اور القاعدہ سمیت متعدد شدت پسند تنظیموں کی موجودگی کا خدشہ ہے۔

اس آپریشن میں فوج نے جیٹ طیاروں، ٹینکوں، گن شپ ہیلی کاپٹروں اور گولہ باری کا استعمال کیا ہے۔ فوج کا کہنا ہے کہ انھوں نے 361 شدت پسند ہلاک کیے ہیں تاہم اس تعداد کی کسی آزادانہ ذرائع سے تصدیق یا ہلاک ہونے والوں کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔

اسی بارے میں