’استعفے کا مطالبہ بے جا ہے، مسائل حل کر وں گا‘

تصویر کے کاپی رائٹ AFP

وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے حزب اختلاف کی جماعتوں کی جانب سے مستعفیٰ ہو جانے کے مطالبہ کو بےجا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی حکومت نہ اصرف بجلی کی کمی پر قابو پائے گی بلکہ اسے سستا بھی کرے گی۔

صوبہ پنجاب میں ضلع چکوال میں سڑک کے منصوبے کا افتتاح کرتے ہوئے انھوں نے حکومت کی کارکردگی پر تنقید کرنے والوں کو آڑھے ہاتھوں لیا۔ مسلم لیگ نون کی مرکزی حکومت کو عمران خان کی تحریک انصاف پاکستان اور چند دیگر جماعتوں کی جانب سے مسلسل سیاسی دباؤ میں ہے۔

اس کا اندازہ وزیر اعظم نواز شریف کی حالیہ تقاریر میں بار بار حزب اختلاف کے رویہ پر نکتہ چینی سے ہوتا ہے۔

چکوال میں سڑک کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں نواز شریف نے سابق حکومت سے ورثے میں ملنے والے مسائل کا ذکر کرتے کہا کہ ان کو حل کرنے میں وقت لگے گا۔

وزیر اعظم نے چکوال کے نزدیک ڈھڈیال میں چکوال اور سوہاوہ روڈ کے منصوبوں کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا۔ 130 کلو میٹر طویل اس سڑک سے چکوال، خوشاب، سوہاوہ، تلہ گنگ، میانوالی اور ڈیرہ اسماعیل خان کے لوگوں کو فائدہ پہنچے گا۔ یہ منصوبہ 18 ماہ کی مدت میں مکمل ہوگا جس پر ساڑھے 8 ارب روپے لاگت آئے گی۔

نواز شریف نے کہا کہ ایک ایسا وقت بھی آئےگا جب ملک میں بجلی نہ صرف وافر مقدار میں ملے گی بلکہ سستی بھی ہوگی۔ وزیر اعظم نے ملک میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری لانے کا بھی اپنا عزم دہرایا۔

نواز شریف نے یہ تقریر ایک ایسے وقت کی ہے جب ملک میں شدی گرمی کی وجہ سے لوڈشیڈنگ کے مسلہ نے پھر سنگین صورت میں سر اٹھایا ہے۔

اسی بارے میں