خضدار: دھماکے میں ایک شخص ہلاک

تصویر کے کاپی رائٹ AFP Getty
Image caption زخمیوں کو علاج کے لیے خضدار کے مقامی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے علاقے خضدار میں ہفتے کو ایک دھماکے میں کم از کم ایک شخص ہلاک جبکہ 13 زخمی ہوئے ہیں۔

سٹی پولیس سٹیشن خضدار کے ایک اہلکار نے فون پر بی بی سی کو بتایا کہ یہ دھماکہ جناح روڈ پر پیش آیا جس میں ایک شخص ہلاک اور 13 زخمیں ہوئے ہیں۔

پولیس اہلکار کے مطابق جناح روڈ کے علاقے اللہ والا چوک کے قریب یہ دھماکہ اس وقت ہوا جب وہاں سے فرنٹیئر کور کی ایک گاڑی گزر رہی تھی۔

اہلکار کا کہنا تھا کہ زخمیوں کو علاج کے لیے خضدار کے مقامی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

پولیس اہلکار نے بتایا کہ دھماکے کی نوعیت کے بارے میں اور آیا ہلاک ہونے والا شخص حملہ آور ہی تو نہیں تھا کی تحقیقات جاری ہیں۔

خضدار بلوچستان کا سیاسی اور قبائلی حوالے سے اہم علاقہ ہے۔ بلوچستان میں حالات کی خرابی کے بعد خضدار میں امن وامان کی حالت خراب ہے۔ دوسری جانب بلوچستان کے علاقے صحبت پور میں ایک گیس پائپ لائن کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا گیا۔

ان دونوں کارروائیوں کی ذمہ داری ابھی تک کسی نے قبول نہیں کی ہے۔

اسی بارے میں