جامشورو لائن ٹرپ، سندھ کے کئی شہر بجلی کے بغیر

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption ’کراچی میں اس سال بجلی کی کھپت ریکارڈ تین ہزار میگاواٹ تک جا پہنچی تھی‘

پاکستان کے صوبہ سندھ کے شہر کراچی سمیت کئی شہروں میں جامشورو ٹرانسمیشن لائن ٹرپ ہونے کی وجہ سے بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی ہے۔

پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی کے بیشتر علاقوں میں صبح چھ بجے سے بجلی کی فراہمی معطل ہے اور اس کی وجہ این ٹی ڈی سی لائن ٹرپ ہونا بتائی جا رہی ہے۔

شہر کو بجلی فراہم کرنے والے ادارے ’کے الیکٹرک‘ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ جامشورو ٹرانسمشن لائن سے 650 میگاواٹ کی فراہمی معطل ہوگئی تھی جہاں سے لائن ٹوٹنے کی وجہ سے پورا بوجھ کے الیکٹرک کے پیداواری یونٹس پر پڑ گیا ہے۔ اس صورتحال کی وجہ سے شہر کے 1330 فیڈر ٹرپ کر گئے اور شہر میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ کراچی میں اس سال بجلی کی کھپت ریکارڈ تین ہزار میگاواٹ تک جا پہنچی تھی اور اس وقت ہپستالوں اور دیگر اہم تنصیبات کی فراہمی بحال کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جس کے بعد دیگر علاقوں کی بجلی مرحلہ وار بجلی بحال کی جائے گی۔

کراچی اور حیدرآباد میں صبح سے وقفے وقفے سے ہلکی ہلکی بارش کا سلسلہ بھی جاری ہے، جس کی وجہ سے خدشہ ہے کہ پورے شہر میں بجلی کی بحالی میں مزید کئی گھنٹے لگ سکتے ہیں۔

بجلی کے تعلطل کی وجہ سے شہر میں پیٹرول پمپ، سی این جی سٹیشن، کیبل ٹیلیویژن نیٹ ورک اور بعض علاقوں میں ٹیلیفون ایکسچینج بھی متاثر ہوئے ہیں۔

دوسری جانب جامشورو گرڈ سٹیشن میں خرابی کے باعث جام شورو، حیدرآباد، ٹنڈو اللہ یار اور میرپورخاص اضلاع میں بھی بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔

اسی بارے میں