چمن میں مال روڈ پر بم دھماکہ، 12 افراد زخمی

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption دھماکہ اس وقت ہوا جب وہاں سے پولیس کی ایک گاڑی گزر رہی تھی

پاکستان کے صوبے بلوچستان میں افغانستان سے متصل سرحدی شہر چمن میں بم کے ایک دھماکے میں دو پولیس اہلکاروں سمیت 12 افراد زخمی ہوگئے۔

یہ دھماکہ جمعرات کو شہر کے ایک مصروف ترین کاروباری مرکز مال روڈ پر ہوا۔

چمن پولیس کے ایک اہلکار نے فون پر بی بی سی کو بتایا کہ نامعلوم افراد نے ایک موٹر سائیکل پر دھماکہ خیز مواد نصب کر کے اسے مال روڈ پر کھڑا کیا تھا۔

دھماکہ خیز مواد اس وقت ایک زوردار دھماکے سے پھٹ گیا جب وہاں سے پولیس کی ایک گاڑی گزر رہی تھی۔ دھماکے کے باعث 12 افراد زخمی ہوگئے جن میں دو پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔

اہلکار کا کہنا تھا زخمیوں میں ایک پولیس اہلکار سمیت دو افراد کی حالت تشویش ناک ہے۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے سول ہسپتال چمن منتقل کر دیا گیا ہے۔

پولیس اہلکار نے بتایا کہ دھماکے کے نتیجے میں پولیس کی گاڑی کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ بلوچستان کے دارالحکومت کے شمال میں واقع چمن شہر اہم تجارتی مر کزہے۔ اس شہر میں پہلے بھی بم دھماکوں کے واقعات پیش آتے رہے ہیں۔

اسی بارے میں