پنجگور سے بی این پی کا رہنما ’اغوا‘

پاکستان کے ایران سے متصل ضلع پنجگور سے قوم پرست جماعت بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) کے ایک رہنما کو اغوا کر لیاگیا ہے۔

اغوا ہونے والا شخص عبد الحمید بلوچ پارٹی کی آرگنائزنگ کمیٹی کا رکن ہے۔

پنجگور میں پولیس کے ایک اہلکار نے بتایا کہ عبد الحمید بلوچ کو نامعلوم افراد نے شہر سے اغوا کر لیا۔

پولیس کے اہلکار کا کہنا تھا کہ ان کے اغوا کا مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا ہے۔

تاحال ان کے اغوا کی ذمہ داری کسی نے قبول کی ہے اور نہ ہی اس کے محرکات معلوم ہوسکے ہیں۔

بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان آغا حسن بلوچ نے پارٹی کے ضلعی رہنما کے اغوا کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایک ہفتے میں پارٹی کی آرگنائزنگ کمیٹی کے کسی رکن کے اغوا کا یہ دوسرا واقع ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس سے چند روز قبل ضلع آواران سے پارٹی کی آرگنائزنگ کمیٹی کے رکن داد شاہ قمبرانی کو اغوا کیا گیا ۔

دریں اثنا بلوچ نیشنل وائس کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں یہ الزام عائد کیا گیا ہے کہ کوئٹہ میں نیو کاہان کے علاقے سے دو افراد کو حراست میں لیا گیا۔

بیان کے مطابق دونوں افرادکو سیکورٹی فورسز کے اہلکار اس علاقے میں ایک چھاپے کے دوران اپنے ساتھ اٹھا کر لے گئے۔

اسی بارے میں