ہم خالی ہاتھ واپس نہیں جائیں گے: پرویز خٹک

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption وفاقی حکومت نے پولیس کو اپنا غلام بنایا ہوا ہے: پرویز خٹک

پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں آزادی مارچ کے بعد جلسے سے خطاب کرتے ہوئے خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ ملک میں جمہوریت کو دھاندلی کرنے والوں نے ڈی ریل کیا ہے اور اب انھیں جانا پڑے گا۔

انھوں نے وزیراعظم نواز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’نواز شریف یہ ملک تمہاری جاگیر نہیں ہے اور ہم یہاں سے خالی ہاتھ نہیں جائیں گے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’یہ سمجھتے ہیں کہ ہمیں پوچھنے والا کوئی نہیں لیکن اب شیر کے شکار کے لیے شکاری آ گیا ہے۔‘

انھوں نے کہا کہ جب تک عمران خان اسلام آباد میں بیٹھیں تب تک ایک بھی کارکن یہاں سے نہیں ہلے گا۔

خیبرپختونخوا حکومت کی کارکردگی کا وفاقی حکومت سے موازنہ کرتے ہوئے پرویز خٹک نے کہا کہ وفاقی حکومت کہتی ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت نے اب تک کیا کیا ہے تو وہ ان کو بتانا چاہتے ہیں کہ ’ہم نے رشوت اور کمیشن ختم جبکہ قرضے کم کیے۔‘

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں پولیس کو غیر سیاسی کیا گیا جبکہ وفاقی حکومت نے پولیس کو اپنا غلام بنایا ہوا ہے۔

انھوں نے یہ بھی کہا کہ ’ہم نے ظلم ختم کیا اور غریبوں کو انصاف دیا لیکن اس حکومت کو غریب نظر نہیں آتے جبکہ یہی غریب اسے کچل کر رکھ دیں گے۔‘

اس سے قبل عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ انھیں امید ہے کہ عمران خان نواز شریف کا استعفیٰ لیے بغیر واپس نہیں جائیں گے۔

اسی بارے میں