خیبر ایجنسی: سکیورٹی فورسز نے چار شدت پسند ہلاک کر دیے

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption خیبر ایجنسی میں گذشتہ ایک ہفتے سے حالات انتہائی کشیدہ ہیں

حکام کے مطابق پاکستان کے قبائلی علاقے خیبر ایجنسی میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں چار شدت پسند ہلاک ہو گئے ہیں، جبکہ شمالی وزیرستان ایجنسی کی سرحد کے ساتھ واقع خیبر پختونخوا کے علاقے بنوں میں تین افراد کی لاشیں ملی ہیں۔

خیبر ایجنسی میں پولیٹیکل انتظامیہ کے مطابق جمرود کے علاقے غنڈی کے مقام پر سکیورٹی فورسز اور شدت پسندوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں چار شدت پسند ہلاک ہو گئے ہیں۔

انتظامیہ کے مطابق یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ ان شدت پسندوں کا تعلق کس تنظیم سے ہے۔ خیبر ایجنسی میں کالعدم تنظیم تحریک طالبان کے علاوہ لشکر اسلام اور انصار الاسلام جیسی تنظیمیں بھی متحرک ہیں۔

اس واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ تاہم تاحال کسی گرفتاری کی اطلاع نہیں ہے۔

جمرود کے علاقے میں گذشتہ روز نیٹو آئل ٹینکر پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی تھی جس میں دو افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ جمرود کے علاقے میں ایک ہفتے میں نیٹو ٹینکروں پر تین حملے کیے گئے جس میں پانچ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

خیبر ایجنسی ہی میں تیراہ کے مقام پر گذشتہ روز ایک دھماکے میں شدت پسند تنظیم کے ایک کمانڈر ہلاک ہو گئے تھے۔ ایجنسی میں ایک ہفتے سے حالات انتہائی کشیدہ ہیں۔

اس کے علاوہ ادھر شمالی وزیرستان ایجنسی کی سرحد کے ساتھ واقع خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں تین افراد کی لاشیں ملی ہیں۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ جانی خیل کے مقام پر پیش آیا ہے۔ اب تک یہ واضح نہیں ہے کہ ان افراد کو کس نے مارا ہے، تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ تینوں افراد پولیس کو مطلوب تھے۔

ہلاک ہونے والے افراد کے نام میر قادر، عارف اللہ اور شاہ مراز بتائے گئے ہیں۔ میر قادر اور عارف اللہ سگے بھائی ہیں ۔

مقامی لوگوں نے بتایا کہ واقعہ رات کے وقت پیش آیا لیکن لاشیں صبح تک اسی مقام پر پڑی تھیں۔ ایک پولیس اہلکار نے بتایا کہ دو بھائیوں کی لاشیں ہسپتال منتقل کر دی گئی ہیں جبکہ ایک شخص کی لاش صبح دس بجے تک جائے وقوعہ پر موجود تھی۔

جانی خیل کا علاقہ میریان روڈ پر دریائے ٹوچی کے قریب واقع ہے اور اس علاقے میں سکیورٹی فورسز کی چوکیاں موجود ہیں جبکہ عام افراد کے لیے اس علاقے میں جانا انتہائی مشکل ہے۔

اسی بارے میں