کوئٹہ میں فائرنگ سے دو صحافیوں سمیت تین ہلاک

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption عینی شاہدین کے مطابق نامعلوم مسلح افراد آئے اور خبر رساں ادارے آن لائن کے دفتر کے اندر داخل ہو کر فائرنگ کی

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے دو صحافیوں سمیت تین افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

بی بی سی کے نامہ نگار کے مطابق بلوچستان کے دارلحکومت کوئٹہ میں ہلاک ہونے والے تین افراد میں دو صحافی اور ایک اکاؤنٹینٹ تھا۔

صحافیوں پر یہ حملہ جناح روڈ پر واقع کبیر بلڈنگ میں کیا گیا۔

اس عمارت میں اخبارات اور خبر رساں اداروں کے دفاتر کی ایک بڑی تعداد موجود ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق نامعلوم مسلح افراد آئے اور خبر رساں ادارے آن لائن کے دفتر کے اندر داخل ہو کر فائرنگ کی۔

جس وقت دفتر پر حملہ کیا گیا اس وقت وہاں آن لائن کوئٹہ کے بیورو چیف اور بلوچستان میں صحافیوں کی تنظیم کے جنرل سیکریٹری ارشاد مکتوئی، ٹیرینی رپورٹر عبدالرسول اور اکاؤنٹینٹ محمد یونس موجود تھے۔

فائرنگ کے نتیجے میں تینوں افراد شدید زخمی ہوئے اور بروقت ہسپتال نہ پہنچنے کے باعث موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔

اس وقت مقتولین کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے سول ہسپتال کوئٹہ میں موجود ہیں۔

ڈاکٹرز کے مطابق انھیں سر اور سینے پر گولیاں ماری گئیں ہیں۔

نامہ نگار کے مطابق اس واقعے کے خلاف سول ہسپتال کے باہر جناح روڈ پر دھرنا دے کر اپنا احتجاج کیا۔

اسی بارے میں