کراچی میں پولیس افسر کی گاڑی پر بم حملہ، دو ہلاک

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption کراچی میں کالعدم تنظیموں کے خلاف سرگرم پولیس کے افسران کو اس سے پہلے بھی نشانہ بنایا جاتا رہا ہے

پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں کار بم حملے میں ایک شخص ہلاک اور پولیس کے ایس ایس پی فاروق اعوان سمیت چھ افراد زخمی اور دو ہلاک ہو گئے ہیں۔

یہ بم حملہ جمعرات کی شب کراچی کے متمول علاقے ڈیفینس کے فیز چار میں سعودی عرب کی سفارتخانے عقب میں گذری بلیوارڈ پر ہوا۔

پولیس کے مطابق دھماکے میں کراچی پولیس کے خصوصی تحقیقاتی یونٹ کے سینیئر سپرٹنڈنٹ پولیس فاروق اعوان کے قافلے کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

جناح ہپستال کے شعبہ حادثات کی انچارج ڈاکٹر سیمی جمالی نے تصدیق کی ہے کہ دھماکے میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد دو ہو گئی ہے۔ ہلاک ہونے والوں میں کریم اللہ اور عبداغفور شامل ہیں۔ ان میں عبدالغفور کار میں سوار تھے جبکہ کریم اللہ موٹر سائیکل پر پیزا کی ڈلیوری کرتے تھے۔

کراچی پولیس کے ڈی آئی جی عبدالخالق شیخ کا کہنا ہے کہ بم ایک چھوٹی گاڑی میں نصب تھا جو سڑک کنارے کھڑی کی گئی تھی اور جیسے ہی فاروق اعوان کی گاڑی وہاں سے گزری ہے تو ریموٹ کنٹرول سے دھماکہ کیا گیا۔

انھوں نے بتایا کہ دھماکے میں ایس ایس پی فاروق اعوان اور دو پولیس اہلکاروں سمیت چھ افراد زخمی ہوئے ہیں۔

دھماکے سے پولیس افسر کی گاڑی اور ان کے قافلے میں شامل موبائل کو شدید نقصان پہنچا۔

تصویر کے کاپی رائٹ UNDEFINED
Image caption فاروق اعوان کالعدم تنظیموں کے خلاف کارروائیوں کے لیے جانے جاتے ہیں

دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری جائے وقوع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

کراچی میں کالعدم تنظیموں کے خلاف سرگرم پولیس کے افسران کو اس سے پہلے بھی نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔

رواں برس کے آغاز میں ایسے ہی ایک حملے میں ایس ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم ہلاک ہوگئے تھے۔

ڈی آئی جی عبدالخالق شیخ کا کہنا ہے کہ فاروق اعوان پر ہونے والے حملے اور ایس ایس پی چوہدری اسلم پر حملے میں کچھ مماثلت نظر آتی ہے تاہم چوہدری اسلم کی گاڑی سے خودکش حملہ آور نے گاڑی ٹکرائی تھی جبکہ یہاں گاڑی پارک کی گئی تھی۔

سینیئر سپرٹنڈنٹ پولیس فاروق اعوان پر جمعرات کو یہ تیسرا حملہ تھا۔ اس سے پہلے سال 2002 میں ان پر بم حملہ ہوا تھا جبکہ تین سال قبل کراچی کے علاقے سراب گوٹھ میں شدت پسندوں کے ساتھ جھڑپ میں زخمی ہو گئے تھے۔

اسی بارے میں