پنجاب: ’بلند آواز میں موسیقی سننے پر بھتیجی قتل‘

Image caption پولیس ملزم کو گرفتار کرنے کی کوشش کر رہی ہے تاہم ابھی تک کوئی کامیابی نہیں مل سکی (فائل فوٹو)

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے علاقے کلرکہار میں حکام کے مطابق ایک گاؤں میں چچا نے بھتیجی کو اونچی آواز میں موسیقی سننے پر قتل کر دیا ہے۔

کلرکہار پولیس سٹیشن کے محرر قیصر عباس کے مطابق یہ واقعہ 22 نومبر کو مٹھن کلاں نامی گاؤں میں پیش آیا۔

پاکستان خواتین کے لیے بدترین ملک

ان کا کہنا تھا کہ’گلستان عرف گلو جب اپنے بھائی محمد افسر کے گھر آئے تو 16 سالہ ریحانہ بی بی اکیلی تھیں، ان کی والدہ کسی کام سے دوسرے گاؤں گئی ہوئی تھیں، اونچی آواز میں موسیقی سننے پر چچا بھتیجی میں تلخ کلامی ہو گئی،گلستان نے ریحانہ پر33 بور پستول سے فائرنگ کی اور گولی سیدھی ان کے سر پر لگی جس سے ان کی موت واقع ہو گئی۔‘

قیصر عباس نے مزید بتایا کہ ملزم گلستان کی عمر 22 سال ہے اور ان کے خلاف اقدام قتل کا مقدمہ ان کے بھائی محمد افسر نے ہی درج کرایا ہے۔

’پولیس ملزم کو گرفتار کرنے کی کوشش کر رہی ہے تاہم ابھی تک کوئی کامیابی نہیں مل سکی۔‘

یاد رہے کہ سال 2012 میں صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع کوہستان میں بھی شادی کی تقریب میں لڑکوں کے رقص کے دوران خواتین کو تالیاں بجانے پر مبینہ طور پر ہلاک کرنے کا واقعہ رپورٹ ہوا تھا۔ تاہم حکام کی تحقیقات اور عدالتی کارروائیوں کے باوجود اب تک یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ وہ لڑکیاں زندہ ہیں یا نہیں۔

پاکستان میں عدم برداشت کے بڑھتے ہوئے رجحان کی وجہ سے تشدد کے واقعات اکثر اوقات ذرائع ابلاغ میں آتے رہتے ہیں۔

اسی بارے میں