پاکستان کا سٹیلتھ ٹیکنالوجی کے حامل کروز میزائل کا کامیاب تجربہ

تصویر کے کاپی رائٹ ISPR
Image caption دفاعی ماہرین کے مطابق رعد میزائل سے خطے میں دفاعی توازن برقرار رکھنے میں بڑی مدد ملے گی

پاکستان نے سوموار کو سٹیلتھ ٹیکنالوجی کے حامل ’راعد‘ نامی کروز میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔ دفاعی ماہرین اسے پاکستان کی میزائل ٹیکنالوجی میں اہم پیش رفت قرار دے رہے ہیں۔

سرکاری ریڈیو کے مطابق زمین سے زمین اور زمین سے سطح سمندر پر اہداف کو نشانہ بنانے کی دہری صلاحیت رکھنے والا یہ میزائل 350 کلومیٹر تک مار کر سکتا ہے۔

وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے نئے میزائل کے کامیاب تجربے پر پاکستانی سائنس دانوں کو مبارکباد پیش کی ہے۔

خیال رہے کہ کروز ٹیکنالوجی انتہائی پیچیدہ ہے اور دنیا میں صرف چند ممالک ہی اس کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

زمین کی سطح کے قریب پراواز کرنے والا جدید سٹیلتھ ٹیکنالوجی سے لیس یہ میزائل روایتی اور جوہری ہتھیار لے جانے اور اپنے ہدف کو سو فیصد نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

سٹریٹجک پلانز ڈویژن کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل زبیر محمود حیات نے سائنس دانوں اور انجینئروں کو مبارکباد دیتے ہوئے میزائل کے کامیاب تجربے کو پاکستان کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنانے کی طرف ایک اہم قدم قرار دیا ہے۔

جنرل حیات کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی دفاعی سرگرمیوں کا مقصد خطے میں استحکام کا حصول ہے۔

صدر ممنون حسین نے بھی اس شاندار کامیابی پر متعلقہ حکام کو مبارکباد پیش کی ہے۔

اسی بارے میں