مسلح افواج کی پریڈ، دارالحکومت میں دینی مدارس بند

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption وزارتِ داخلہ کے ایک اہلکار کے مطابق پولیس کے خفیہ ادارے سپیشل برانچ کی جانب سے بھیجی جانے والی رپورٹ کے مطابق ان علاقوں میں واقع مدارس میں زیر تعلیم بچوں کی تعداد دو ہزار کے قریب ہے

پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے وفاقی حکومت کے احکامات کے بعد شکر پڑیاں کےگردونواح میں واقع دینی مدارس اور مزاروں کو بند کرنا شروع کر دیا ہے۔

پاکستان میں کئی سال بعد یوم پاکستان یعنی 23 مارچ کو مسلح افواج کی پریڈ ہو رہی ہے۔

حفاظتی صورتحال کے پیش نظر ضلع انتظامیہ نے پریڈ کے علاقوں میں دینی مدارس اور مزاروں کو سات دن کے لیے بند کرنا شروع کر دیا ہے اور علاقے کی سکیورٹی کی ذمہ داری فوج کے سپرد کر دی گئی ہے۔

کچھ روز قبل اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے اس بارے میں ایک نوٹیفکیشن جاری کیا ہے جس کے مطابق شکرپڑیاں کے قریب جہاں مسلح افواج کی پریڈ ہوگی، اس کی دو کلومیٹر کی حدود کے اندر واقع کسی بھی مسلک سے تعلق رکھنے والے دینی مدارس 18 مارچ سے لے کر 24 مارچ تک بند رہیں گے۔

جن علاقوں کے مدارس بند کئے جا رہے ہیں اُن میں سیکٹر جی سکس، جی سیون، آئی ایٹ، آئی نائن، ایچ ایٹ اور ایچ نائن کے علاوہ مری روڈ اور مارگلہ ٹاون شامل ہیں۔ان علاقوں میں قائم مدارس، امام بارگاہوں اور مزاروں کی تعداد 40 سے زائد ہے جنھیں اس عرصے کے دوران بند کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

وزارتِ داخلہ کے اہلکار کے مطابق علاقے کے مدارس کی انتظامیہ سے کہا گیا تھا کہ وہ ان اداروں میں زیر تعلیم طلبہ کو اس عرصے کے دوران کسی دوسری جگہ منتقل کریں یا انھیں گھر بھیج دیا جائے۔

سکیورٹی فوسز کے اہلکار روزانہ کی بنیاد پر ان علاقوں میں سرچ آپریشن کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ اسلام آباد کے سیکٹر آئی نائن میں واقع افغان بستی کی نگرانی بھی کی جا رہی ہے۔

وزارتِ داخلہ کے ایک اہلکار کے مطابق پولیس کے خفیہ ادارے سپیشل برانچ کی جانب سے بھیجی جانے والی رپورٹ کے مطابق ان علاقوں میں واقع مدارس میں زیر تعلیم بچوں کی تعداد دو ہزار کے قریب ہے، جن میں اکثریت کا تعلق پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر اور وفاق کے زیرِ انتظام قبائلی علاقوں سے ہے۔

خیال رہے کہ اسلام آباد میں گذشتہ آٹھ سال کے دوران سکیورٹی وجوہات کی بنا پر مسلح افواج کی پریڈ نہیں ہوسکی تھی۔ تاہم اس مرتبہ حکومت نے یوم پاکستان کے موقع پر اس خصوصی پریڈ کو منعقد کروانے کا اعلان کیا ہے۔

اسی بارے میں