پشاور میں لیفٹینٹ کرنل فائرنگ سے ہلاک

Image caption پولیس کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ خاندانی دشمنی کا شاخسانہ ہوسکتا ہے - فائل فوٹو

پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں پولیس کے مطابق پاکستان فوج کے ایک لیفٹینٹ کرنل کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق لیفٹیننٹ کرنل طاہر عظیم پر فائرنگ کا واقع پشاور کے علاقے حیات آباد کی اباسین مارکیٹ میں پیش آیا۔

ظہر کی نماز کے بعد جب لیفٹیننٹ کرنل طاہر عظیم مسجد سے گھر جارہے تھے کہ نامعلوم حملہ آروں نے ان پر فائرنگ کر دی۔ انھیں طبی امداد کے لیے حیات آباد میڈیکل کمپلیس پہنچایا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔

پولیس کے مطابق حملہ آور موقع سے فرار ہوگئے۔

فائرنگ کے واقعے کے بعد پولیس موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

لیفٹیننٹ کرنل طاہر عظیم کا تعلق پشاور کے مضافاتی علاقے بڈھ بیر سے تھا۔

وہ راولپنڈی میں تعینات تھے اور اپنے عزیز و اقارب سے ملنے پشاور آئے ہوئے تھے۔

پولیس کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ خاندانی دشمنی کا شاخسانہ ہوسکتا ہے۔

اسی بارے میں