خیبر ایجنسی: فوج کے فضائی حملوں میں 20 شدت پسند ہلاک

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption خیبر ایجنسی میں ان دنوں فوجی آپریشن خیبر ٹو جاری ہے، جس کا دائرہ کار خیبر ایجنسی سے اورکزئی ایجنسی بڑھا دیا گیا ہے

پاکستانی فوجی کا کہنا ہے کہ وفاق کے زیرانتظام قبائلی خیر ایجنسی میں 20 شدت پسندوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔

فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یہ فضائی حملے خیبر ایجنسی کے علاقے وادیِ تیراہ میں کیے گئے۔

اس سے قبل گذشتہ روز بھی فوج نے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں فضائی حملوں میں 22 شدت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

ضربِ عضب کے بعد شدت پسند کہاں گئے؟

شورش سے متاثرہ قبائلی علاقہ خیبر ایجنسی میں پاکستان فوج نے شدت پسندوں کے خلاف آپریشن شروع کر رکھا ہے۔ فوج کا کہنا ہے کہ خیبر ایجنسی میں جاری فوجی آپریشن ون اور ٹو کے دوران ایجنسی کے کئی علاقے شدت پسندوں سے خالی کروائے گئے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے جاری کردہ بیان کے مطابق جمعرات کو خیر ایجنسی کی وادیِ تیراہ میں فوج کے جیٹ طیاروں نے شدت پسندوں کے ٹھکانوں پر فضائی حملے کیے۔ ان حملوں میں 20 شدت پسند ہلاک ہوئے ہیں اور فوج کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں تین خودکش حملہ آور بھی شامل ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اس کارروائی میں شدت پسندوں کے اسلحے اور راشن کے ڈپو بھی تباہ کر دیے گئے ہیں۔

اس کے علاوہ گذشتہ روز جنوبی وزیرستان کے علاقے شکتو میں سرچ آپریشن کے دوران پانچ شدت پسند ہلاک ہوئے تھے۔

گذشتہ روز شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں فوج کے فضائی حملوں میں 22 شدت پسندوں کو ہلاک کیا گیا تھا۔

شمالی اور جنوبی وزیرستان کے سرحدی علاقے تحصیل مکین میں بھی گذشتہ روز سیکیورٹی فورسز اور شدت پسندوں کے درمیان جھڑپوں میں آٹھ شدت پسند ہلاک اور سات اہلکاروں سمیت 19 افراد زخمی ہو گئے تھے۔

خیبر ایجنسی میں جاری خیبر ٹو کا دائرۂ کار خیبر ایجنسی سے بڑھا کر اورکزئی ایجنسی تک کر دیا گیا ہے۔

ادھر شمالی وزیرستان میں فوجی آپریشن ضرب عضب جاری ہے، جس میں حکام کے مطابق 1200 سے زیادہ شدت پسند مارے جا چکے ہیں جبکہ بیشتر علاقہ ان مسلح افراد سے صاف کیا جا چکا ہے۔

شمالی وزیرستان اور خیبر ایجنسی میں فوجی آپریشن کی وجہ سے لاکھوں افراد نقل مکانی پر مجبور ہوئے ہیں، جن میں سے چند خاندان اپنے علاقوں کو واپس بھیجے جا چکے ہیں لیکن بڑی تعداد لوگ اب بھی مشکلات میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

فوج کا کہنا ہے کہ شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں فضائی حملوں میں شدت پسندوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا اور اس کارروائی میں 22 شدت پسند ہلاک ہو گئے۔

شمالی اور جنوبی وزیرستان کی سرحد پر سکیورٹی فورسز اور شدت پسندوں کے درمیان جھڑپوں کی اطلاعات ملی ہیں۔

اسی بارے میں