نلتر حادثے میں زخمی ہونے والے انڈونیشیا کے سفیر انتقال کر گئے

تصویر کے کاپی رائٹ EPA
Image caption اس حادثے میں ہلاک ہونے والوں میں عملے کے تین ارکان کے علاوہ انڈونیشیا، ناروے اور فلپائن کے سفرا اور ملائیشیا اور انڈونیشیا کے سفرا کی بیگمات شامل ہیں

پاکستان کے شمالی علاقے گلگت بلتستان میں ہیلی کاپٹر کے حادثے میں زخمی ہونے والے انڈونیشیا کے سفیر برہان محمد کا انتقال ہوگیا ہے۔

اسلام آباد میں موجود انڈونیشیا کے سفارت خانے کے محکمۂ اطلاعات نے بی بی سی کو بتایا کہ نلتر حادثے میں زخمی ہونے والے انڈونیشیا کے سفیر کا انتقال سنگا پور کے ہسپتال میں پیر اور منگل کی درمیانی شب ہوا۔

حادثہ تکنیکی خرابی کے باعث ہوا

ہم تو جنت دیکھنے آئے تھے

خیال رہے کہ آٹھ مئی کو پیش آنے والے اس حادثے میں اسی روز سات افراد ہلاک ہو گئے تھے جن میں سفیر برہان محمد کی اہلیہ بھی شامل تھیں۔

حادثے میں برہان محمد کا 70 فیصد جسم جل گیا تھا اور انھیں علاج کے لیے پاکستان سے سنگاپور منتقل کر دیا گیا تھا۔

پاکستان کے وزیراعظم میاں نواز شریف نے برہان محمد کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

خیال رہے کہ آٹھ مئی کو گلگت بلتستان کے علاقے نلتر میں پاکستانی فوج کا ہیلی کاپٹر اترتے وقت حادثے کا شکار ہو گیا تھا جس میں غیر ملکی سفیروں سمیت سات افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

زخمی ہونے والوں میں انڈونیشیا، پولینڈ، ہالینڈ اور ملائیشیا کے سفرا شامل تھے جنھیں حادثے کے ایک روز بعد گلگت سے اسلام آباد منتقل کیا گیا تھا۔

پاکستانی وزارتِ خارجہ کے مطابق 30 سے زیادہ غیر ملکی سفیروں اور ان کے اہل خانہ کو تین دن کے دورے پر سی ون 30 طیارے سے گلگت لے جایا گیا تھا۔ حادثے کا شکار ہونے والے ہیلی کاپٹر پر 11 غیر ملکی اور چھ پاکستانی سوار تھے۔

اسی بارے میں