لاہور: ڈیپارٹمنٹ سٹور میں آگ، چار منزلہ عمارت جل گئی

لاہور
Image caption لاہور کے علاقے لبرٹی مارکیٹ میں واقع سٹور میں آگ لگنے سے لاکھوں کی مالیت کا سامان جل گیا

صوبہ پنجاب کے شہر لاہور کے ایک جدید علاقے میں واقع ڈیپارٹمنٹ سٹور میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے جلد ہی پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

دس گھٹنے گزرنے کے بعد بھی آگ پر قابو نہیں پایا جا سکا۔

لاہور کی مشہور لبرٹی مارکیٹ کی ایک عمارت میں علی الصبح لگنے والی آگ اِس قدر شدید تھی کہ اِس نے جلد ہی چار منزلہ عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

امدادی کارروائیاں کرنے والے اہلکار بلا تاخیر موقع پر پہنچ گئے تاہم عمارت میں لگی آگ کو بجھایا نہ جا سکا۔

امدادی کارروائیوں میں ایک درجن سے زائد آگ بجھانے والی گاڑیاں استعمال کی جا رہی ہیں۔

ریسکیو کے عمل میں پاکستان فضائیہ کا عملہ اور گاڑیاں بھی حصہ لے رہی ہیں۔

Image caption آگ اتنی شدید تھی کہ دس گھنٹوں تک اس پر پوری طرح قابو نہیں پایا جا سکا

فضائیہ کے ریسکیو عملے کے افسر کا کہنا تھا کہ اہلکاروں کو آگ بجھانے میں مشکالات کا سامنا ہے کیونکہ عمارت کے اندر پانی کی دھار نہیں پہنچ رہی ہے۔

ضلعی رابطہ افسر کیپٹن ریٹائرڈ محمد عثمان نے جائے حادثہ کا دورہ کیا اور امدادی کاموں کا جائزہ لیا۔

ڈی سی او محمد عثمان نے میڈیا کو بتایا کہ ڈیپارٹمنٹ کے قریبی ہوٹل اور دیگر کئی عمارتوں سے لوگوں کو باحفاظت نکال لیا گیا ہے۔

آگ بجھانے کے عمل کے دوران امدادی کارروائیاں کرنے والے دو اہلکار بھی معمولی زخمی ہو گئے ہیں اور اس سانحے میں لاکھوں کی مالیت کا سامان جل کر خاکستر ہو گیا ہے۔

اسی بارے میں