پاکستانی فوج کا بھارتی جاسوس طیارہ مار گرانے کا دعویٰ

تصویر کے کاپی رائٹ ISPR

پاکستان کی فوج کا کہنا ہے کہ انھوں نے بھارت کا جاسوسی کرنے والے ڈورن طیارہ مار گرایا ہے۔

فوجی کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی جاسوسی ڈورن بدھ کو لائن آف کنٹرول کے علاقے میں پرواز کر رہا تھا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارت کے جاسوسی کرنے والے ڈرون نے پاکستان کی سرحد کی خلاف ورزی ہے اور اس لیے ڈرون کو پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں ایل او سی کے قریب بھمیبھر کے مقام پر گرایا گیا۔

فوج کا کہنا ہے کہ اس جاسوسی کے لیے استعمال ہونے والے اس طرح کے ڈرون عموماً بلندی سے تصاویر لینے کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔

پاکستان کی فوج کے مطابق اس سے قبل بھی کئی مرتبہ بھارتی طیاروں نے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی ہے جبکہ گذشتہ کچھ ماہ کے دوران لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔

بھارت میں نریندر مودی کے وزیراعظم بننے کے بعد سے پاکستان اور بھارت کے تعلقات میں کشیدگی آئی ہے اور حال ہی میں پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے روس میں ایک دوسرے سے ملاقات کی اور بات چیت دوبارہ جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا تھا۔

اسی بارے میں