اسلام آباد میں فائرنگ سے امریکی سفارت خانے کا اہلکار ہلاک

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption اس واقعہ کے بعد علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا ہے جبکہ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے

پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں نامعلوم مسلح افراد نے امریکی سفارت خانے کے ایک اہلکار کو گولیاں مار کر ہلاک کردیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا یہ واقعہ اتوار کو اسلام آباد کے سیکٹر جی 9 میں پیش آیا۔

پولیس کے مطابق ابتدائی طور ملنے والے شواہد کے مطابق یہ ٹارگٹ کلنگ واقعہ معلوم ہوتا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اقبال بیگ نامی شخص جو امریکی سفارت خانے میں منیشیات کے کنٹرول کے امریکی محکمے کے لیے کام کرتے تھے۔

نامعلوم مسلح افراد نے اُن کے مکان مرکزی دروازے پر دستک دی اور اقبال بیگ نامی شخص اپنے مکان میں موجود تھے اور دستک سننے کے بعد جیسے ہی وہ باہر آئے ملزمان نے فائرنگ شروع کردی۔

فائرنگ کے نتیجے میں اقبال بیگ موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔

حملہ آور فائرنگ کرنے کے بعد جائے حادثہ سے فرار ہو گئے۔ پولیس کے مطابق ابھی تک یہ بھی واضح نہیں ہے کہ حملہ آور ایک یا ایک سے زیادہ تھے۔

مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کے ورثا کے مطابق ان کی کسی سے خاندانی یا ذاتی دشمنی نہیں تھی۔

امریکی سفارت خانے کی طرف سے اس واقعہ سے متعلق ابھی تک کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔

پولیس نے پوسٹ مارٹم کرنے کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کردی ہے۔جبکہ پولیس عینی شاہدین کے بیانات کی روشنی میں ملزمان کا خاکہ تیار کروا رہی ہے۔

اس واقعہ کے بعد علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا ہے جبکہ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔

اسی بارے میں