بلوچستان میں پولیو کے نئے کیس کی تصدیق

تصویر کے کاپی رائٹ e
Image caption کوئٹہ کے ماحول میں بڑے پیمانے پر پولیو وائرس کی موجودگی کے باعث شہر کی تمام 61 یونین کونسلوں کو ہائی رسک قرار دیا گیا ہے

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں پولیو کے ایک نئے کیس کی تصدیق ہوئی ہے۔

محکمۂ صحت کے ذرائع کے مطابق پولیو کے نئے کیس کی تصدیق کوئٹہ کی یونین کونسل شادیزئی میں ہوئی۔

اس یونین کونسل میں پولیو سے متاثرہ ہونے والی ایک پانچ سالہ بچی ہے۔

نئے کیس کے بعد رواں سال کے دوران بلوچستان سے اب تک پولیو کے پانچ کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ ان پانچ میں سے تین کیسوں کی تصدیق کوئٹہ میں جبکہ ایک لورالائی اور ایک قلعہ عبد اللہ سے رپورٹ ہوئے۔

دریں اثناء کوئٹہ کے گندے پانی کے نکاس کے دو مزید نالوں میں پولیو وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے۔

محکمۂ صحت کے ذرائع کے مطابق نکاسی آب کے جن دو نالوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے ان کے نمونے جامعہ سلفیہ اور سور پل کے علاقوں سے لیے گئے تھے۔

اس سے قبل تختانی بائی پاس کے علاقے میں شہر کے گندے پانی کے ایک اور بڑے نالے میں پولیو کا وائرس پایا گیا تھا۔

کوئٹہ شہر کے ماحول میں بڑے پیمانے پر پولیو وائرس کی موجودگی کے باعث شہر کی تمام 61 یونین کونسلوں کو ہائی رسک قرار دیا گیا ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption نئے کیس کے بعد رواں سال کے دوران بلوچستان سے اب تک پولیو کے پانچ کیس رپورٹ ہوئے ہیں

اگرچہ بلوچستان کے وزیرِ صحت رحمت بلوچ ماحولیاتی وائرس کی موجودگی کی تصدیق کرتے ہیں لیکن ان کا کہنا ہے کہ جس بڑے پیمانے پر یہ موجود ہے حکومتی اقدامات کے نتیجے میں اس شرح سے بچے متاثر نہیں ہوئے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم خود یہ نمونے بھیجتے رہتے ہیں تاکہ حکومت پولیو کے حوالے سے الرٹ رہے اور اس کے خلاف اقدامات کا سلسلہ جاری رہے۔

پولیو کی روک تھام سے متعلق اداروں کے ذرائع کے مطابق رواں سال کے دوران نہ صرف دوسرے اضلاع کے مقابلے میں کوئٹہ شہر سے پولیو کے زیادہ کیس زیادہ سامنے آئے ہیں بلکہ شہر کے ماحول میں پولیو کا وائرس بھی موجود ہے۔

ذرائع کے مطابق اس کے باوجود کوئٹہ شہر میں پولیو کے خلاف مہم کو دو مرتبہ ملتوی کیا گیا۔

رحمت بلوچ کا کہنا ہے کہ یہ مہمات سیکورٹی خدشات کی وجہ سے ملتوی کی گئیں لیکن آئندہ مہم مؤثر انداز سے چلائی جائے گئی ۔ صوبائی وزیر صحت کا کہنا ہے کہ یہاں پولیو کے خاتمے میں ایک بڑی رکاوٹ افغانستان سے لوگوں کی بڑی تعداد میں نقل و حمل ہے ۔

اسی بارے میں