وزیراعظم ہاؤس میں اجلاس طلب: ’اہم فیصلے کیے جائیں گے‘

Image caption اجلاس میں پاکستان کی سول و ملٹری قیادت شریک ہوگی

پاکستان کی وفاقی وزارتِ داخلہ کے مطابق جمعرات کو وزیراعظم ہاؤس میں اہم اجلاس طلب کیا گیا ہے جس میں فوجی قیادت کی موجودگی میں ملکی سلامتی، نیشنل ایکشن پلان اور دیگر معاملات سے متعلق اہم فیصلے کیے جائیں گے۔

’شدت پسندوں کا نیٹ ورک ختم کر دیا گیا ہے‘

’فوج کا گراف اوپر، سوئلین ڈھانچہ نیچے‘

خیال رہے کہ پیر کو بھی وزیراعظم کی سربراہی میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا تھا جس میں مدارس کے علما بھی شریک تھے۔

بدھ کی شام وزارتِ داخلہ کی جانب سے موصول ہونے والے تحریری بیان میں بتایا گیا ہے کہ اس اہم اجلاس کے دو حصے ہوں گے۔ پہلے حصے کی صدارت وزیرِ داخلہ چوہدری نثار علی خان جبکہ دوسرے کی وزیراعظم نواز شریف کریں گے۔

بتایا گیا ہے کہ اجلاس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کی حکومتی قیادت اور تمام صوبوں کے چیف سیکریٹری شرکت کریں گے۔ اس کے علاوہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور انٹیلیجنس ایجنسیوں کے سربراہان بھی اجلاس میں موجود ہوں گے۔

وزارتِ داخلہ کے بیان کے مطابق ’ اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان، ملکی سلامتی، اور دیگر قومی معاملات پر اہم فیصلے کیے جائیں گے۔

اجلاس کے بعد وزیرِ داخلہ پنجاب ہاؤس میں اہم پریس کانفرنس کریں گے۔

اسی بارے میں