لائن آف کنٹرول پر بھارتی فائرنگ سے پاکستانی فوجی ہلاک

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption بھارت کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ کے بعد پاکستانی فوج نے بھی بھرپور جوابی کارروائی کی گئی: آئی ایس پی آر

پاکستان کی فوج کا کہنا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر بھارت کی بلااشتعال فائرنگ کے نتجے میں ایک پاکستانی سپاہی ہلاک ہو گیا ہے۔

منگل کو فوج کے تعلقات عامہ کا محکمۂ آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ لائن آف کنٹرول میں راولا کوٹ کے بٹل سیکٹر پر بھارت کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ کی گئی اور اس فائرنگ کے نتیجے میں پاکستانی فوج کے ایک سپاہی ہلاک ہو گئے۔

ایک ماہ میں پانچویں پاکستانی کی ہلاکت پر بھارت سے احتجاج

دو فوجوں کے درمیان پھنسے کشمیری

بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارت کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ کے بعد پاکستانی فوج نے بھی بھرپور جوابی کارروائی کی۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان لائن آف کنٹرول اور ورکنگ بانڈری پر اشتعال انگیزی کے واقعات میں اضافے ہوا ہے۔

گذشتہ ہفتے انتہائی کشیدہ حالات میں پاکستان میں رینجرز اور بھارت کی باڈر سکیورٹی فورس کے درمیان نئی دہلی میں ہونے والی بات چیت میں دونوں ملکوں نے لائن آف کنٹرول پر خلاف ورزیاں کم کرنے اور سرحدوں کو محفوظ بنانے پر اتفاق کیا تھا۔

اس ملاقات کے بعد بھارتی وزارتِ داخلہ نے ایک بیان جاری کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ بھارت کی جانب سے گولی چلانے میں پہل نہیں کی جائے گی۔

اس سے قبل لائن آف کنٹرول پر بھارتی فائرنگ سے پاکستانی فوجیوں کے علاوہ پاکستانی شہری بھی ہلاک ہوئے ہیں اور پاکستان کے دفترِ خارجہ نے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی پر کئی مرتبہ بھارت سے باضابطہ احتجاج کیا ہے۔

اسی بارے میں