’پاکستان نے بھارتی مداخلت کے ثبوت امریکہ کے حوالے کر دیے‘

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان جان کربی نے مبینہ بھارتی مداخلت کے ثبوت موصول ہونے کی تصدیق نہیں کی ہے

پاکستان نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے امریکہ کو فاٹا، بلوچستان اور کراچی میں بھارتی مداخلت کے ثبوت فراہم کیے ہیں۔

دوسری جانب امریکی سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ نے اس حوالے سے تصدیق یا تردید نہیں کی کہ انھیں یہ ثبوت ملے ہیں۔

’ بھارت نے خطے میں قیامِ امن کی کوششوں کی حوصلہ شکنی کی‘

’امریکہ سے تعلقات صرف فوجی نوعیت کے نہیں رہے‘

پاکستان جوہری پروگرام کے راز کیوں کھول رہا ہے؟

بدھ کو واشنگٹن میں وزیراعظم نواز شریف نے امریکی سیکریٹری خارجہ جان کیری سے ملاقات کی ہے۔ ملاقات کے بعد جاری ہونے والے سرکاری بیان کے مطابق امریکی سیکریٹری خارجہ کو جنوبی ایشیا میں قیامِ امن کی کوششوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔

بیان کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے پاکستان اور افغانستان کے مابین تعلقات میں بہتری لانے حوالے سے پاکستان کی کوششوں کے بارے میں آگاہ کیا اور بھارت کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔

سرکاری بیان کے مطابق اس موقع پر امریکی سیکریٹری خارجہ کو فاٹا، بلوچستان اور کراچی میں عدم استحکام پیدا کرنے میں بھارتی ایجنسیوں کے کردار کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔

بیان کے مطابق وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی اور خارجہ امور سرتاج عزیز نے پاکستان میں بھارت کی تخریبی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے تین علیحدہ علیحدہ ثبوت امریکی حکام کے حوالے کیے۔

سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان جان کربی نے مبینہ بھارتی مداخلت کے ثبوت موصول ہونے کی تصدیق نہیں کی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں ترجمان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے بعد میں جواب دیا جائے گا لیکن وہ نہیں جانتے کہ وہ کس قدر تفصیلات سے آگاہ کر سکتے ہیں۔

اسی بارے میں