پشاور: ’ہتک آمیز ٹویٹ‘ پر سرکاری ملازم گرفتار

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption ملزم نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ میں اپنے آپ کو حافظ قرآن اور انصاف ریڈیو میں بطور ملازم متعارف کروایا ہے

وفاقی تحقیقاتی ادارے یعنی ایف آئی اے کے پشاور سائبر کرائم ونگ نے اعلیٰ عدلیہ کے حاضر سروس جج کے بارے میں اپنے ٹوئٹر پر ہتک آمیز الفاظ لکھنے پر ایک سرکاری ملازم کو گرفتار کرلیا ہے۔

ملزم قاضی جلال کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ سیاحت کے صوبائی محکمے میں سوشل میڈیا رابطہ کار ہے۔

ایف آئی اے کے ایک اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ ملزم صوبے میں حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کے سوشل میڈیا پر متحرک کارکن ہیں۔

اہلکار کے مطابق ملزم قاضی جلال کی گرفتاری پشاور ہائی کورٹ کے رجسٹرار آفس کی طرف سے ملنے والی درخواست پر عمل میں لائی گئی ہے۔

ملزم کے خلاف پاکستان الیکٹرانکس ٹرانزیکشن آرڈیننس 2002 کی دفعات 36 اور 37 کے تحت گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔

اہلکار کے مطابق اس قانون کے تحت متعدد افراد کو گرفتار تو کیا گیا ہے، تاہم ٹوئٹر اکاؤنٹس سے متعلق پشاور میں یہ پہلی گرفتاری ہے۔

انھوں نے بتایا کہ ملزم کا متعقلہ عدالت سے دو روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کر کے تفتیش شروع کردی گئی ہے جبکہ جرم ثابت ہونے پر ان دنوں دفعات کے تحت 14 سال قید ہو سکتی ہے۔

اہلکار کے مطابق ملزم کے ٹوئٹر اکاؤنٹس کی تمام تفصیلات بھی حاصل کر لی گئی ہیں جن کی جانچ پڑتال شروع کر دی گئی ہے۔

ملزم نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ میں اپنے آپ کو حافظ قرآن اور انصاف ریڈیو میں بطور ملازم متعارف کروایا ہے۔

اسی بارے میں