پنجاب کے 12 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کی مہم کا آخری دن

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption پنجاب میں 3551 پولنگ سٹیشنوں کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے

پنجاب میں بلدیاتی اتنخابات کی مہم آج رات ختم ہو رہی ہے۔ پہلے مرحلے میں 12 اضلاع میں پولنگ کی تیاریاں پورے زور و شور سے جاری ہیں جبکہ الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔

فیصل آباد حساس ترین ضلع قرار دے دیا گیا ہے۔

31 اکتوبر کو پنجاب کے 12 اضلاع میں 16,662 پولنگ سٹیشنوں پر پولنگ کا عمل صبح 7:30 بجے شروع ہو گا اور بغیر کسی وقفے کے شام 5:30 بجے تک جاری رہے گا۔ پولنگ عملے کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ووٹنگ شروع ہونے سے دو گھنٹے پہلے پولنگ سٹیشن پر حاضری کو یقینی بنائیں۔

پنجاب میں 3551 پولنگ سٹیشنوں کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔ حزبِ اختلاف کی جماعتوں کی طرف سے مسلسل مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ صوبے میں شفاف بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ سٹیشنوں پر فوج تعینات کی جائے۔ تاہم الیکشن کمیشن کے حکام کے مطابق حساس پولنگ سٹیشنوں پر فوج کی بجائے کوئک رسپانس فورس تعینات کی جائےگی۔ پولیس کی بھاری نفری بھی پولنگ سٹیشنوں اور انتخابی اضلاع میں موجود ہو گی۔

فوج اور رینجرز کے دستوں کو آن کال رکھا جائے گا اور ہنگامی صورت حال میں ان کو مدد کے لیے بلایا جا سکے گا۔ مجموعی طور پر صوبے میں انتخابی مہم کافی حد تک پرسکون رہی تاہم کئی مقامات پر جھڑپوں اور فائرنگ کے واقعات میں اب تک متعدد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے 12 اضلاع میں یکم نومبر تک اسلحے کی نمائش پر پابندی عائد کر دی گئی ہے جس کا اطلاق لائسنس شدہ اسلحے پر بھی ہو گا۔

الیکشن کمیشن کے حکام کے مطابق بیلٹ پیپرز کو ریٹرنگ آفیسرز کے حوالے کر دیا گیا ہے جبکہ پولنگ سٹیشنوں تک بیلٹ پیپرز کی ترسیل کا عمل کل تک مکمل کر لیا جائے گا۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے سیاسی جماعتوں کے ساتھ ساتھ ذرائع ابلاغ کے لیے بھی ضابطۂ اخلاق جاری کیا گیا ہے جس میں الیکشن کوریج کے اصول وضع کیے گیے ہیں اور کہا گیا ہے کوئی بھی ٹی وی چینل، ریڈیو نیٹ ورک یا اخبار ایسے مواد کی نشر و اشاعت نہیں کرے گا جس سے کسی ایک سیاسی جماعت کی مخالفت کا تاثر پیدا ہو، تاکہ تمام جماعتوں کے لیے انتخابی مہم کی متوازن کوریج کو یقینی بنایا جاسکے۔

بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے لیے پنجاب میں رجسڑڈ ووٹروں کی تعداد دوکروڑ 85 ہزار 329 ہے۔

اسی بارے میں