علیحدگی کے بعد میڈیا سے پہلا سامنا

تصویر کے کاپی رائٹ Twitter
Image caption عمران خان نے ریحام خان سے علیحدگی کی تصدیق کے موقع پر میڈیا سے درخواست بھی کی تھی کہ وہ ان کی پرائیویسی کا خیال رکھے

پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اور ان کی اہلیہ ریحام خان علیحدگی کے فیصلے کے چار دن گذرنے کے بعد میڈیا کے سامنے آئے تاہم انھوں نے کہا کہ کسی کی ذاتی زندگی پر بات نہیں کرنی چاہیے۔

یاد رہے کہ گذشتہ جمعے کو عمران خان اور ریحام خان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر علیحدگی کے فیصلے اور طلاق کے لیے رجوع کرنے کی تصدیق کی تھی۔

منگل کو عمران خان پشاور پہنچے جہاں انھوں نے میڈیا کو صوبہ خیبرپختونخوا میں طبی سہولیات اور دیگر اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔

تصویر کے کاپی رائٹ IMRAN KHAN OFFICIAL
Image caption عمران خان اور ریحام خان کی شادی رواں سال فروری میں ہوئی تھی

اس موقع پر ایک صحافی نے ان سے یہ سوال کیا کہ ’کیا آپ واقعی مردم شناس نہیں ہیں؟‘

صحافی نے کہا کہ بہت سے لوگ کسی نہ کسی طریقے سے آپ کودھوکا دیتے ہیں چاہے وہ ذاتی زندگی ہو یا سیاسی زندگی۔۔۔

صحافی کے سوال کے جواب میں عمران خان نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’ہر معاشرے کے اندر ایک تہذیب ہوتی ہے، ایک انسان کے اندر کوئی شرم ہوتی ہے۔ایک انسان کے اندرآداب ہوتے ہیں، کسی کی ذاتی زندگی کے اوپر اس طرح کی بات کرتے ہوئے آپ کو شرم آنی چاہیے۔ کسی کے گھر کے اندر کوئی کسی وقت لوگ مشکل وقت سے دکھ سے گذر رہے ہوتے ہیں۔‘

کئی گھنٹوں تک یہ سوال پاکستانی میڈیا پر مختلف تجزیہ نگاروں اور سینیئر صحافیوں سے کیا جاتا رہا کہ کیا عمران خان کو صحافی کے ساتھ سحت رویہ اپنانا چاہیے تھا یا ان کے سوال کو نظر انداز کر دینا چاہیے تھا؟ اور کیا کسی پبک فگر کی زندگی پر سوال کیا جانا غلط ہے؟

تصویر کے کاپی رائٹ Twitter
Image caption ریحام خان کی جانب سے ٹوئٹر پر عمران خان سے طلاق لینے کے فیصلے کی تصدیق کی گئی

بعد ازاں شب دیر گئے ریحام خان نے مانچیسٹر میں میڈیا کانفرنس سے خطاب کیا۔

مقامی میڈیا پر ان کے خطاب کو نشر تو نہیں کیا گیا تاہم ان کی ویڈیو فوٹیج ضرور دکھائی گئی۔

مقامی میڈیا کے مطابق ریحام خان نے اپنے خطاب میں خواتین صحافیوں کی زندگی اور انھیں درپیش چیلینجز پر بات کی۔

رپورٹس کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ خبر کو خبر کے طور پر لینا چاہیے، کسی کی ذاتی زندگی پر گفتگو نہیں کرنی چاہیے تاہم انھوں نے اس موقع پر عمران حان سے علیحدگی کے فیصلے پر کوئی بات نہیں کی۔

اسی بارے میں