’ماحولیاتی تبدیلی کے مسائل کا حل دنیا کی اجتماعی ذمہ داری ہے‘

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption وزیراعظم نواز شریف دو ہفتے تک جاری رہنے والی ماحولیاتی تبدیلی کانفرنس کے پہلے روز خطاب کریں گے

پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق اقوام متحدہ کی کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کے لیے فرانس کے دارالحکومت پیرس پہنچ گئے ہیں۔

سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق وزیراعظم نواز شریف دو ہفتے تک جاری رہنے والی ماحولیاتی تبدیلی کانفرنس کے پہلے روز خطاب کریں گے اور ماحولیاتی تبدیلی کے بارے میں پاکستان کی طرف سے کیے گئے اقدامات کے بارے میں آگاہ کریں گے۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق نواز شریف ماحولیاتی تبدیلی کی کانفرنس سے خطاب کے علاوہ عالمی رہنمائوں سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔

پیرس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے ماحولیاتی تبدیلی کے مسائل سے نمٹنے کے لیے عالمی برادری کے ساتھ مل کر کام کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے مسائل حل کرنا دنیا کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔

اس دوران پاکستان کے وزیربرائے موسمی تبدیلی زاہد حامد نے سرکاری خبررساں ادارے اے پی پی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی کے حوالے سے کانفرنس پاکستان کے لیے اہم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان امید کرتا ہے کہ ترقی یافتہ دنیا ماحولیاتی تبدیلی کے چیلنج سے نبردآزما ہونے کے لیے وسائل اور ٹیکنالوجی فراہم کرے گی۔

اسی بارے میں