مستونگ میں دھماکہ، ایف سی کا اہلکار ہلاک

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption سرن کاہن میں ایک آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے کمانڈر سمیت تین عسکریت پسندوں کو بھی ہلاک کیا گیا

پاکستان کے صوبے بلوچستان کے ضلع مستونگ میں دیسی ساختہ بم کے دھماکے میں ایف سی کا ایک اہلکار ہلاک اور دو زخمی ہوگئے ہیں۔

ایف سی کے ترجمان کی جانب سے جاری کیے گئے پیغام کے مطابق یہ واقعہ منگل کو اسپلنجی نامی علاقے کے قریب پیش آیا۔

کوئٹہ دھماکے میں ایک اہلکار ہلاک

پیغام میں بتایا گیا ہے کہ ایف سی کی حفاظتی چوکیوں پر تعینات اہلکاروں کے لیے پانی لے جانے والی گاڑی اس دھماکے کا نشانہ بنی۔

دھماکے میں زخمی ہونے والے اہلکاروں کی حالت بھی نازک بتائی گئی ہے۔

ادھر ایف سی کا ہی کہنا ہے کہ تربت کے علاقے سرن کاہن میں ایک آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے کمانڈر سمیت تین عسکریت پسندوں کو بھی ہلاک کیا گیا ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP

ترجمان کے مطابق یہ کارروائی علاقے میں عسکریت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع پر ایف سی اور حساس اداروں نے مشترکہ طور پر کی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ چھاپے کے دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں کالعدم لشکرِ بلوچستان کا کمانڈر خلیل دو ساتھیوں سمیت مارا گیا۔

خیال رہے کہ یہ رواں ماہ صوبے میں ایف سی اہلکاروں کو نشانہ بنائے جانے کا دوسرا واقعہ ہے۔

اس سے قبل کوئٹہ کی جوائنٹ روڈ کے بروری کراسنگ پر واقع سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر بم حملے میں ایک اہلکار ہلاک ہوا تھا۔

اسی بارے میں