’بھارتی پرچم لہرانے کا کوئی مذموم مقصد نہیں تھا‘

Image caption ملزم بھارتی کرکٹر ویراٹ کوہلی سے مشابہت کی وجہ سے بھی اپنے دوستوں سے کہتا تھا کہ اسے کوہلی کے نام سے ہی پکارا جائے

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے وسطی شہر اوکاڑہ میں پولیس کا کہنا ہے کہ عمر دراز نامی شہری کی جانب سے بھارتی پرچم لہرانے کے معاملے میں اب تک تفتیش کے دوران ملزم کے کوئی مذموم مقاصد سامنے نہیں آئے ہیں۔

بی بی سی سے بات کرتے ہوئے مقدمے کے تفتیشی افسر محمد عمران کا کہنا ہے کہ تفتیش سے پتہ چلا ہے کہ ملزم نے بھارتی پرچم لہرانے کا اقدام بھارتی کرکٹر ویراٹ کوہلی کے مداح کی حیثیت سے ہی کیا۔

عمر دراز کو منگل کو بھارت اور آسٹریلیا نے ٹی 20 میچ میں بھارت کی فتح کے بعد اپنے مکان پر بھارت کا جھنڈا لہرانے پر حراستمیں لیا گیا تھا۔

پولیس نے ان کے خلاف نقصِ امن عامہ کی دفعہ 16 ایم پی او کے علاوہ تعزیرات پاکستان کی دفعہ 123 اے کے تحت بھی مقدمہ درج کیا ہے جس میں جرم ثابت ہونے پر زیادہ سے زیادہ دس برس قید کی سزا ہو سکتی ہے۔

تفتیشی افسر کے مطابق ملزم کی طرف سے بھارتی پرچم لہرانے کی اطلاع گاؤں والوں نے دی تھی تاہم اس مقدمے میں ریاست کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

مقامی پولیس کے مطابق تاحال ملزم کی جانب سے اس مقدمے میں ضمانت کی درخواست نہیں دی گئی ہے۔

خیال رہے کہ عمر دراز اس وقت جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہیں۔

Image caption ملزم نے اپنے کمرے میں اپنی اور ویرات کوہلی کی تصاویر بھی ساتھ ساتھ لگا رکھی تھیں

سب انسپکٹر محمد عمران کا کہنا ہے کہ ملزم عمر دراز کرکٹ کا اچھا کھلاڑی ہے اور ویراٹ کوہلی سے مشابہت کی وجہ سے بھی وہ اپنے دوستوں سے کہتا تھا کہ اسے کوہلی کے نام سے ہی پکارا جائے۔

ان کے مطابق ملزم زیادہ تر ویراٹ کوہلی کے نام کی ٹی شرٹ پہنے رکھتا تھا بلکہ اُس نے اپنے کمرے میں اپنی اور ویراٹ کوہلی کی تصاویر بھی ساتھ ساتھ لگا رکھی تھیں۔

ملزم عمر دراز کے بھائی عارف علی کا بھی کہنا ہے کہ ان کے بھائی اور پورا خاندان محب وطن ہیں اور ملک سے غداری کا سوچ بھی نہیں سکتے۔

صحافی عبدالناصرخان سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ گاؤں کے لڑکوں نے کرکٹ کی مختلف ٹیمیں بنا رکھی ہیں اور عمر دراز ان میں سے بھارت نامی ٹیم کا رکن تھا تاہم وہ نہیں جانتے کہ اس نے کیوں گھر کے اوپر بھارتی پرچم لگایا۔

عارف نے کہا کہ وہ غریب لوگ ہیں اتنی ہمت بھی نہیں کہ کوئی بڑا وکیل کر کے عمردراز کو رہا کروانے کی کوشش کر سکیں۔

اسی بارے میں