کوئٹہ میں فائرنگ سے چار پولیس اہلکار ہلاک

تصویر کے کاپی رائٹ EPA
Image caption بلوچستان میں رواں ماہ کے دوران پولیس اہلکاروں پر حملے کا یہ چوتھا واقعہ ہے (فائل فوٹو)

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے چار پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔

مقامی پولیس کے مطابق یہ واقعہ جمعرات کو سیٹلائٹ ٹاؤن کے علاقے میں پیش آیا۔

نامہ نگار محمد کاظم کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ چار پولیس اہلکار موٹر سائیکلوں پر منیر مینگل روڈ پر گشت کر رہے تھے کہ مسلح حملہ آوروں نے انھیں ہدف بنا کر فائرنگ کی۔

فائرنگ سے دو اہلکار موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ دو شدید زخمی ہوئے جنھیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا اور وہ وہاں زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ گئے۔

حملہ آور فائرنگ کے بعد فرار ہونے میں کامیاب رہے۔

اس واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے اہلکار جائے وقوع پر پہنچے اور علاقے میں تلاشی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔

تاحال کسی بھی گروہ نے ان حملوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

بلوچستان میں رواں ماہ کے دوران پولیس اہلکاروں پر حملے کا یہ چوتھا واقعہ ہے۔ ان حملوں میں اب تک 19 پولیس اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہو چکے ہیں۔

دریں اثنا لیویز کے ذرائع کے مطابق ضلع کیچ کے علاقے تمب میں بھی بدھ کو نامعلوم افراد کی جانب سے نصب کیا گیا دھماکہ خیز مواد پھٹنے سے ایک شہری ہلاک اور ایک زخمی ہوا ہے۔

اسی بارے میں