پاکستان نے ایران پر عائد پابندیاں اٹھا لیں

پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد پر عمل کرتے ہوئے ایران پر عائد تمام پابندیاں اٹھا لی ہیں۔

پاکستان کے سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق اس سلسلے میں جمعہ کو باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔

یہ پابندیاں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد نمبر 2231 کے تحت لگائی گئی تھیں۔

خیال رہے کہ انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی (آئی اے ای اے) کی رپورٹ کو مد نظر رکھتے ہوئے امریکہ اور یورپی یونین نے گذشتہ ماہ ایران پر عائد اقتصادی پابندیاں ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔

وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی صدارت میں بین الوزارتی اجلاس میں ایران پر عائد پابندیاں ختم کرنے کے لیے طریقۂ کار کو حتمی شکل دی گئی۔

اس سلسلے میں اجلاس کے بعد وزارت خارجہ کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیا گیا جس کے تحت پاکستان اور ایران کے درمیان اقتصادی و تجارتی تعلقات، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی، بینکنگ، فنانس اور توانائی کے شعبوں میں تعلقات کا بھی ازسر نو جائزہ لیا جائے گا۔

وزارتِ خزانہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نئے نوٹیفکیشن کے بعد ایران پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی جانب سے پابندیوں سے متعلق پچھلے تمام نوٹیفکیشنز ختم ہو گئے ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اس اقدام سے دونوں ممالک کے درمیان بینکنگ، فنانس، انڈسٹری اور توانائی سمیت تمام سیکٹروں میں تعلقات بحال ہوں گے۔

اسی بارے میں