اسلام آباد: ’پولیس کو مطلع کیے بغیر مکان کرائے پر دینے پر پابندی‘

تصویر کے کاپی رائٹ AFP

پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں انتظامیہ نے کرائے داروں کی تفصیلات متعلقہ تھانے میں جمع کروائے بغیر مکان یا کاروباری عمارت کرائے پر دینے پر پابندی عائد کر دی ہے۔

سرکاری خبررساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان کے مطابق یہ اقدام 23 مارچ کو یوم پاکستان کی تقریب کے سلسلے میں سکیورٹی اقدامات سے متعلق ہیں۔

خبررساں ادارے کے مطابق ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عبدالستار عیسانی کی جانب سے جاری ہونے والی نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ مالک مکان یا پراپرٹی ڈیلرز کے ذریعے مکان کا کاروباری عمارات کے کرائے داروں کی تفصیلات کی تصدیق مستقل بنیادوں پر کرنا ضروری ہے۔

اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے وفاقی دارالحکومت میں پراپرٹی ڈیلروں، مالک مکانوں اور ہوٹل اور گیسٹ ہاؤسوں کی انتظامیہ پر بھی متعلقہ تھانے میں اطلاع دیے بغیر کرائے پر دینے پر پابندی عائد کی ہے۔

اس سلسلے میں کرائے دار کا قومی شناختی کارڈ نمبر اور فون نمبرز کی تفصیل پولیس کو دینا ہوں گی۔

خیال رہے کہ گذشتہ برس سات سال کے وقفے کے بعد اسلام آباد میں 23 مارچ کو یوم پاکستان کی مناسبت سے پریڈ کا انعقاد گیا تھا اور اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

اسی بارے میں