پاکستان کی سول و ملٹری قیادت سعودی عرب میں

تصویر کے کاپی رائٹ PM HOUSE
Image caption سعودی عرب میں جاری اس فوجی مشق کی اختتامی تقریب میں شرکت کے لیے متعدد ملکوں کے سربراہان کو بھی مدعو کیا گیا ہے

پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف سعودی عرب میں جاری فوجی مشقوں نارتھ تھنڈر کی اختتامی تقریب میں شرکت کرنے کے لیےحافر البطین پہنچ گئے ہیں۔

بدھ کی شام سعودی شہزادے محمد بن سلمان سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شاہ سعود ائیرپورٹ پر پاکستان کے وزیراعظم اور آرمی چیف کا استقبال کیا۔ وزیراعظم کے ہمراہ امور خارجہ کے لیےوزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود ہیں۔

نوازشریف وفد کے ہمراہ نے شاہ خالد ملٹری سٹی میں خادم حرمین شریفین کی جانب سے دیے جانے والے عشائیے میں شرکت بھی کی۔

نارتھ تھنڈر کی اختتامی تقریب میں فوجی مشقوں میں حصہ لینے والے ملکوں کے سربراہان مملکت اور اہم شخصیات بھی تقریب میں شرکت کریں گی۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق پاکستان سمیت 21 ملکوں کے فوجی سعودی عرب کے مشرقی علاقے میں نارتھ تھنڈر مشق میں حصہ لے رہے ہیں۔

اس مشق کا بنیادی مقصد دہشت گرد گروہوں کی جانب سے درپیش خطرے کے جواب میں تربیت کے عمل کو بہتر بنانا ہے۔ اس سے قبل بھی اس امر کا اعادہ کیا جا چکا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب دفاع اور انسداد دہشت گردی کے شعبوں سمیت کثیر جہتی تعاون کررہے ہیں۔

حکومت پاکستان نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ سعودی عرب کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری کو درپیش کسی بھی خطرے سےنمٹنےکے لیے ہمیشہ سعودی عرب کا بھرپور ساتھ دے گی۔

اسی بارے میں