فیصل آباد میں مسافر بس کا حادثہ، ’ کم از کم 18 ہلاک‘

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption پاکستان میں ٹریفک حادثات کی وجوہات ناقص سڑکیں اور ڈرائیونگ میں غفلت سمجھی جاتی ہیں (فائل فوٹو)

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر فیصل آباد کی پولیس کے مطابق میں ایک مسافر بس اور ٹریلر کے تصادم میں کم از کم 18 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

پولیس کے مطابق حادثے میں 16 افراد زخمی ہیں جن میں چند کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔

فیصل آباد کے تھانہ ٹھیکری والا کے ایک پولیس اہلکار نے بی بی سی اردو کے نامہ نگار شیراز حسن کو بتایا کہ حادثہ منگل اور بدھ درمیانی شب ڈھائی بجے کے قریب اس وقت پیش آیا جب مسافر بس سامنے سے آنے والے ایک ٹریلر سے ٹکرا گئی۔

پولیس کے مطابق مسافر بس لاہور سے لیہ جا رہی تھی جب جھنگ روڑ پر حادثہ پیش آیا۔

پولیس کے مطابق ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو فیصل آباد کے الائیڈ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے بس حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان میں ٹریفک حادثات پیش آتے رہتے ہیں اور عام طور پر ان کی وجوہات ناقص سڑکیں اور ڈرائیونگ میں غفلت سمجھی جاتی ہیں۔

اسی بارے میں