بیلسٹک میزائل تجربے سے توازن خراب ہو گا

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption ’خطے اور عالمی برادری کو بھارت کے اس قدم سے پریشانی ہونی چاہیے‘ (فائل فوٹو)

پاکستان نے کہا ہے کہ انڈیا کی جانب سے پہلے نیوکلیئر پاورڈ بیلسٹک میزائل کےتجربے پر پاکستان کو تشویش ہے۔

یہ بات جمعرات کو اسلام آباد میں دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس زکریا نے ہفتہ وار بریفنگ میں کہی۔ انھوں نے مزید کہا کہ بھارت پٹھان کوٹ حملے کو سیاسی رنگ دے رہا ہے جو افسوس ناک ہے ۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ انڈیا کی جانب سے آبدوز سے بیلسٹک میزائل کا تجربہ ایک اہم قدم ہے اور اس کا اثر خطے کے نازک دفاعی توازن پر پڑے گا۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ خطے اور عالمی برداری کو انڈیا کے اس قدم سے پریشانی ہونی چاہیے۔ انھوں نے تشویش کا اظہار کر تے ہوئے کہا کہ انڈیا نے اِس تجربے سے پاکستان کو مطلع نہیں کیا۔

پٹھان کوٹ ایئر بیس پر حملے سے متعلق ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ افسوس ناک بات ہے کہ انڈیا اسے سیاسی رنگ دے رہا ہے، تاہم ترجمان نے اس حملے کی تحقیقات سے متعلق مزید تفصیلات نہیں دیں۔

ایک سوال کے جواب میں نفیس زکریا کا کہنا تھا کہ پاکستان تمام دیرینہ مسائل کے حل کے لیے انڈیا سے مذاکرات کے لیے تیار ہے۔

پاکستان میں بدامنی میں بیرونی مداخلت سے متعلق ایک سوال پر ترجمان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں پاکستان متعدد مملک کو مطلع کر چکا ہے اور وہ غیر ملکی جاسوس کی ملک میں موجودگی کا مسئلہ ہر فورم پر اٹھائےگا۔ انھوں نے بتایا کہ مبینہ بھارتی جاسوس کل بھوشن یادیو سے تفتیش کی جا رہی ہے اور اس سلسلے میں مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔

پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان نے افغانستان میں ہونے والے دہشت گرد حملے کی مذمت بھی کی اور کہا کہ افغان چیف ایگزیکٹیو عبداللہ عبداللہ کا دورۂ پاکستان ملتوی ہو گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ مشترکہ طور پر کیا گیا ہے، اور ان کے دورۂ پاکستان کے لیے نئی تاریخ طے کرنے کے لیے سفارتی سرگرمیاں جاری ہیں۔ اس سے قبل افعانستان نے تصدیق کی تھی کہ وزیر اعظم پاکستان کی درخواست پر افغان رہنما دو مئی سے پاکستان کا دو روزہ دورہ کریں گے۔ْ

اسی بارے میں